کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 906
اس سلسلہ میں پانچ مختلف روایات میں مکمل قرآن ریکارڈ کروا چکے ہیں ۔ قرآن کریم کی خدمت کے اس عظیم الشان پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلہ میں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ استاد محترم کو اپنے حفظ واَمان میں رکھے اور قرآن کریم کے جمع صوتی کے اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ آمین
مشروع ’جمع کتابی‘
اللہ تعالیٰ نے اُمت محمدیہ کو قرآن کریم کی حفاظت کے مختلف ذرائع سمجھا رکھے ہیں ۔ قرآن کریم کی جمع میں کئی ارتقائی صورتیں پائی جاتی ہیں ۔ جن میں جمع رسمی اور جمع صوتی معروف ترین صورتیں ہیں ۔ جمع رسمی کے سلسلہ میں توجمع نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ، جمع ابی بکر رضی اللہ عنہ ، جمع عثمانی رضی اللہ عنہ سے امت واقف ہے، جبکہ جمع صوتی کسی حد تک معروف تو ہے، لیکن تاحال منصہ شہود پر نہیں آسکی۔ خدمت قرآن کے سلسلہ میں دیگر امور کی طرح جامعہ لاہور الاسلامیہ کا یہ کام بھی سامنے رہنا چاہیے کہ جہاں وہ قرآن کریم کی جمع صوتی کے پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہے، وہاں جامعہ نے جمع قرآن کی تیسری صورت’ جمع کتابی‘ کا ایک جامع پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ یہ عظیم اور مقدس منصوبہ مصر اور کویت کے عالمی اداروں ’لجنۃ مراجعۃ المصحف‘ اور ’ حامل المسک الإسلامیۃ‘ کے اشتراک وتعاون سے جامعہ لاہور الاسلامیہ کے شعبہ ’ کلیۃ القرآن الکریم والعلوم الاسلامیۃ‘ کی زیر نگرانی روبہ عمل ہے، جس پر عملاً کام مجلس تحقیق الاسلامی کے ذیلی ادارے ’إدارۃ البحوث العلمیۃ‘ میں قریباً ڈیڑھ درجن افراد پر مشتمل ایک کمیٹی کر رہی ہے۔ مشروع ’جمع کتابی‘ ۱۰/قراءات اور ۲۰/روایات کو طبع کرنے کا ایک عالمی منصوبہ ہے، جس میں مجمع الملک فہد، سعودی عرب کی طرف سے ’روایت حفص‘ میں مطبوع مصحف میں کمپیوٹر پروگرامنگ کی مدد سے حرکات وسکنات اور اداء سے متعلقہ دیگر تبدیلیاں کر کے مختلف روایات میں مصاحف تیار کیے جائیں گے۔ کمپیوٹر کے ذریعے اس مبارک کام کو عملی شکل دینے کے لیے حدیث وفقہ وغیرہ کے مختلف کمپیوٹر پروگرام بنانے والا مصر کا بین الاقوامی ادارہ ’شرکۃ الحروف‘اپنی خدمات پیش کر رہا ہے۔ ڈھائی سال کی طویل مدت، دن رات کی محنت اور جہد مسلسل کے بعد الحمدللہ یہ پرواگرام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔بعد ازاں ’ادارۃ البحوث العلمیۃ‘ کی مذکورہ کمیٹی دوبارہ اس کی مراجعت کرے گی اور ’ لجنۃ مراجعۃ المصاحف‘ کی مراجعہ نہائیہ کے بعد بہت جلد یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ جا ئے گا۔ان شاء اللہ
٭٭٭