کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 900
مجلہ الاسلام کے مدیر نے دیگر شیوخ القراءات کی آراء کی تقویت اورمقبولیت کے لیے علامہ علی محمد الضبَّاع رحمہ اللہ کی رائے کو شائع کیا۔ موصوف نے کھل کر جدید فکر کے حاملین کی تردید کی اور اپنی رائے کاکھلم کھلا اظہار کیا کہ کتابت مصاحف، رسم عثمانی کے مطابق ہی ہوگی اور ہونی چاہئے۔ ٭ حکومتی مصاحف کی مراجعت اور تصحیح علامہ علی محمدالضبَّاع مصری حکومت کی طرف سے طبع ہونے والے مصاحف کی مراجعت اور تصحیح فرماتے۔ موصوف نے کئی طبعات کی رسم عثمانی کے مطابق مراجعت فرمائی اور ان کی تصحیح اپنے قلم سے کی۔ بعض دیگر ممالک میں مصاحف مصر کے علاوہ دوسرے کئی ممالک میں کئی ایک مصاحف طبع ہوئے ہیں ، دیگر بلاد اسلامیہ میں جو مصاحف طبع ہوئے ہیں ان میں سے مشہور ترین یہ ہیں : ۱۔ المصحف المکی ۲۔ المصحف الھندی ۳۔ المصحف المغربی علامہ علی محمدالضبَّاع رحمہ اللہ انتہائی زیادہ مصروفیات کے باوجود مصر میں کسی مصحف کواس وقت تک داخل نہ ہونے دیتے تھے۔جب تک اس کی مراجعت نہ فرما لیتے۔اگر موصوف اس مصحف کو رسم عثمانی کے مطابق پاتے تواسے قبول کرلیتے اور اس مصحف کے لیے حکومت کی طرف سے نشرواشاعت اور اس سے استفادہ کی مطلق طور پر اجازت ہوتی اور اگر علامہ علی محمدالضبَّاع رحمہ اللہ کسی ایسے مصحف کو دیکھتے جورسم عثمانی کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہوتا تو اس مصحف کی مصر ترویج پرپابندی لگا دیتے اور حکومت مصر بھی موصوف کی بات کی تائید پراس مصحف کا مصر میں داخلہ ممنوع قرار دے دیتی۔ اسی طرح علامہ علی محمدالضبَّاع رحمہ اللہ کے تعلقات و روابط عوام الناس سے اس قدر تھے ۔ ملک مصر میں جوبھی مصحف طبع ہوتا وہ علامہ علی محمدالضبَّاع کی خدمت میں پیش کیا جاتا تو موصوف رحمہ اللہ اس پر تبصرہ فرماتے جن تصانیفات پر علامہ علی محمدالضبَّاع رحمہ اللہ نے بحث و تمحیص کی یا تبصرہ کیا اور جن تصانیف نے طبع ہونے کے بعد سورج کی شعاعوں کی طرح لوگوں کو فیض پہنچایا اور مصر کے لوگوں نے ان سے کثرت سے استفادہ کیا۔ان کی فہرست درج ذیل ہے: ۱۔ إرشاد المرید إلی مقصود القصید یہ کتاب شاطبیہ کی شرح ہے، شیخ السمنُّودی رحمہ اللہ کاکہنا ہے کہ یہ کتاب ’’ابوحلاوہ‘‘ نے علامہ علی محمد الضبَّاع رحمہ اللہ پر پڑھی یعنی اس کتاب کی قراءت ابوحلاوہ رحمہ اللہ نے علامہ علی محمدالضبَّاع رحمہ اللہ پرکی۔ ۲۔ البھجۃ المرضیۃ یہ تصنیف امام ابن جزری رحمہ اللہ کی کتاب ’الدرۃ المضیۃ‘ کی شرح ہے۔ ۳۔ تقریب النفع فی القراءات السبع۔ ۴۔ صریح النص، فی بیان الکلمات المختلف فیھا عن حفص ۵۔ المطلوب، فی بیان الکلمات المختلف فیھا عن ابی یعقوب ۶۔ ھدایۃ المرید الی روایۃ ابی سعید المعروف بورش من طریق القصید