کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 83
علامہ علی خلف حسینی ٭٭ مترجم: حافظ محمد صفدر ٭ جمع قرآن اور مصاحفِ عثمانیہ کی رو سے ثبوتِ قراء ات [ اَسباب جمع کے بارے میں اور اس بارہ میں کہ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے عہد صدیقی میں تمام وجوہ سمیت قرآن مجید جمع کیا] قراءات متواترہ کے انکار کے سلسلہ میں بعض معاصر ’مفکرین‘ سخت گمراہی کا شکار ہیں ، لیکن اس حد تک وہ بھی اتفاق رکھتے ہیں کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے جس قرآن کو جمع کیا تھا اور جس ’قراءت عامہ‘ پرمصحف کی کتابت کروائی تھی، اس میں مکتوب ہر شے قرآن ہی ہے اور وہی قرآن(مصحف) آج تک امت میں اتفاقی تعامل سے مقروء ہے، لیکن تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے قراءات قرآنیہ کو ختم نہیں فرمایا تھا اورجو مصاحف لکھوائے تھے، وہ موجودہ تمام قراءات کے مطابق تھے، بلکہ علمائے قرآن کے ہاں توثبوت قراءات کی ایک متفقہ شرط یہ ہے کہ وہ مصاحف عثمانیہ میں سے ہر صورت کسی نہ کسی کے متن(رسم) سے مطابقت رکھتی ہوں ۔ مزید برآں سلف کے ہاں ’قراءت عامہ‘ سے مراد بھی روایت حفص کے بجائے ’قراءات سبعہ و عشرہ‘ ہیں ۔ اسی طرح روایت حفص کی طرح دیگر تمام قراءات بھی امت میں پچھلی چودہ صدیوں سے اتفاقی تعامل کے ساتھ منقول چلی آرہی ہیں ۔ زیر نظر مضمون میں جمہوریہ مصر کے نامور عالم قراءات شیخ المقاری علامہ علی خلف الحسینی رحمہ اللہ نے جمع عثمانی کی نوعیت اور مصاحف ِعثمانیہ کے مختلف قراءات پر مشتمل ہونے کو موضوع بحث بنایا ہے۔ ان کی زیر نظر تحریر ان کی کتاب الکواکب الدّریۃ سے اخذ کرکے قارئین کی نظر کی جارہی ہے۔(ادارہ) وفاتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہی جب وحی کا انقطاع حتمی ہوگیا تو فطرت نے جمع قرآن کا تقاضا کیا۔ اللہ نے اُمت محمدیہ کے لیے حفاظت قرآن کا وعدہ پوراکرتے ہوئے خلفاء راشدین کے دل میں جمع قرآن والی بات القاء کی۔اس(مبارک کام)کی طرح حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے مشورہ سے ڈالی۔ سو جمع قرآن کا کام زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے انجام دیا۔یہ مصحف تاحیات حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس رہا پھر بعد میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے پاس ان کی وفات تک رہا اور ان کے بعد حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا کے پاس تاحین حیات رہا۔ (زید رضی اللہ عنہ کا جامع کردہ مصحف)حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی وصیت کے مطابق حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا کو منتقل کردیا گیا اور انہی کے پاس رہا۔ جسے ضرورت ہوتی وہ ان سے حاصل کرکے اسے دیکھ لیتا۔
[1] ٭ جمہوریہ مصر کے مایہ ناز عالم قراءات اور محقق [2] فاضل کلیۃ القرآن الکریم، جامعہ لاہور الاسلامیہ ،رکن مجلس التحقیق الاسلامی، لاہور