کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 578
ابو عبد القادر قاری محمد طاہر رحیمی٭
دفاعِ قراء ات....خلاصۂ کتاب
ماہنامہ رُشد قراءات نمبر(حصہ اوّل) میں ہم نے پانی پتی سلسلہ قراءات کے بانی اُستاد، محقق عالم دین مولانا قاری طاہر رحیمی رحمہ اللہ کامعروف منکر حدیث تمنا عمادی کے اختلاف قراءات سے متعلقہ نظریات کے ردّ پر مشتمل مضمون شائع کیا تھا۔ موصوف کا شمار چونکہ برصغیر میں انکار قراءات کی نمائندہ ہستیوں میں ہوتا ہے اور جن کے افکار ہی کو بنیاد بناکر عام منکرین قراءات اس کارِغلط میں شریک ہیں ، چنانچہ اس سلسلہ میں اُن کے افکار کا تفصیلی ردّ انتہائی ضروری محسوس ہوتا ہے۔ شیخ القراء قاری طاہررحیمی رحمہ اللہ نے اس قرض کو یوں چکایا ہے کہ علامہ تمنا عمادی کے قراءات کے حوالے سے نظریات کو ہی موضوع ِبحث بنا کر تقریباً ہزار صفحات پر مشتمل مفصل کتاب ’دفاع قراء ات‘ کے نام سے ترتیب دی ہے، جو کہ الحمدﷲ مطبوع حالت میں موجود ہے۔ اس کتاب کی تلخیص بھی مصنف نے تمہیداً خود پیش کردی ہے۔ قارئین رشدکے اِفادے کے لیے کتاب کے پیش لفظ اور خلاصہ کو ہم ماہنامہ رُشد کی اس اشاعت خاص میں خصوصی طور پر شائع کررہے ہیں ۔ [ادارہ]
اَعداءِ اسلام دائما متعدد وسائل و ذرائع سے اسلامی تشریع کے اوّلین سرچشمہ قرآن کریم کے متعلق مسلمانوں میں جدال وخلاف اور شکوک و شبہات پیداکرنے کے درپے رہتے ہیں تاکہ ضعیف الایمان مسلمانوں کو اسلام سے مرتد و برگشتہ کردیں ۔ افسوس صد افسوس! بعض مسلمان اہل علم بھی بالخصوص استشراق المانی و اُوربی کی نشأت کے بعد ان اعداء اسلام کی ملمع کاریوں سے متاثر ہوکر ان کے دام فریب و تزویر میں پھنس جاتے ہیں اوربجائے اس کے کہ اسلام کا دفاع کریں اُلٹا اُنہیں کے ہم نوا ہوکرقرآن کریم پرشبہات عائد کرنے کا سلسلہ شروع کردیتے ہیں ۔ اُن کے اس طریقہ کار سے اسلام اور اہل اسلام کو اعداء اسلام سے بھی زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔ کما قال القائل:
لا یبلُغُ إلا عداء من جاھل
ما یبلغ الجاھل من نفسہٖ
’’جاہل کے دشمن اس کو اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتے جتنا خود وہ جاہل اپنی ذات کو نقصان پہنچا لیتاہے۔‘‘
ایسے لوگوں کا مقصد دانستہ یا نادانستہ اسلامی بنیادوں کو منہدم اورکھوکھلا کردینا ہوتاہے۔مگر ارشاد ِ حق ہے: ﴿یُرِیْدُوْنَ أنْ یُّطْفِؤُا نُوْرَ اللّٰہ بِاَفْوَاھِھِمْ وَیَابَی اللّٰہ إلاَّ اَنْ یُّتِمَّ نُوْرَہُ وَلَوْ کَرِہَ الْکٰفِرُوْنَ﴾
نورِ خدا ہے کفر کی حرکت پہ خندہ زن
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا
[1] پانی پتی سلسلہ قراءات کے بانی استاد....مصنف کتب کثیرہ