کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 548
انکارِ قراءات محمد فیروز الدین شاہ کھگہ ٭ استشراقینظریہ ارتقاء اورقراءاتِ قرآنیہ گولڈ زیہر،آرتھر جیفری اور ڈاکٹر پیوئن کی تحقیقات کامطا لعہ مقالہ نگار محمد فیروز الدین شاہ حفظہ اللہ کا قراءات متواترہ کی قبولیت کے سلسلہ میں ’مسلم متجددین کے افکار‘ کے ردّ پر ایک مضمون گذشتہ شمارے میں بھی شائع ہوچکا ہے۔ زیر نظر مضمون انہوں نے خاص طور پر قراءات قرآنیہ کے حوالے سے آرتھرجیفری کے علاوہ دیگر مستشرقین کے نظریات کے تعاقب کے طور پر ترتیب دیا ہے۔ یاد رہے کہ موصوف نے چند سال قبل شیخ زید اسلامک سینٹر ، جامعہ پنجاب سے ’’اختلاف قراءات اور نظریہ تحریف قرآن‘‘ کے زیر عنوان ایم فل کی ڈگری امتیازی پوزیشن کے ساتھ حاصل کی اور ان کے مقالہ کے موضوع کی افادیت کے پیش نظر بعد ازاں اسلامک سینٹر نے اِسے کتابی صورت میں طبع بھی کروایا ہے۔ اس موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے شائقین کو ان کے مذکورہ مقالہ کا لازما مطالعہ کرنا چاہیے۔ [اِدارہ] مستشرقین کے ایک گروہ کا یہ دعویٰ ہے کہ قرآن پہلی دوصدیوں کے دوران اپنی تکمیلی شکل و صورت کے مراحل سے گذرتا رہا ، جس کا مطلب یہ ہے کہ عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم و عہد صحابہ رضی اللہ عنہم میں قرآن مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گویا تحریفات اور کمی بیشی کا شکار ہوتا رہا ۔ ان مستشرقین کا موقف حسبِ ذیل خیالات سے عبارت ہے : ٭ اسلامی تاریخ کے مصادر، عصری تحقیقی معیارات پر پورا نہیں اترتے لہٰذا ان کی تصدیق ممکن نہیں ہے۔ ٭ جزیرہ عرب کے مضافاتی علاقوں میں کھدائی کے دوران جو آثار اور قدیم تحریر ی نقوش دریافت ہوئے ہیں وہ یہ بات واضح کرتے ہیں کہ پہلی صدی ہجری میں قرآن موجود ہ شکل میں نہیں تھا۔ ٭ قدیم قرآنی مخطوطات جو یمن کے شہر صنعاء سے ماضی قریب میں منصہ شہود پر آئے ہیں وہ ایک لمبا عرصہ قرآنی متن میں اِرتقاء اور تغیرات کا اِشارہ دیتے ہیں۔ ٭ قرآنی متن کے تنقید ی مطالعے سے کتابت اور تحریر قرآن میں غلطیوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ قراءاتِ قرآنیہ کو موضوعِ بحث بنانے کے استشراقی مقاصد قراءاتِ قرآنیہ بھی ان اہم موضوعات میں سے ایک ہے جس کو مستشرقین نے اپنے خصوصی مطالعہ و تحقیق کے لیے نقطۂ ارتکاز بنایا ہے، کیونکہ یہ موضوع براہِ راست متن قرآنی سے تعلق رکھتا ہے، اگر اس میں شکوک و شبہات پیدا کر دیے جائیں تو خود مسلمانوں کے دلوں میں قرآن کی صحت پر اعتبار متزلزل ہو جائے گا ،چنانچہ مستشرقین نے قرآن کو
[1] لیکچرر یونیورسٹی آف سرگودھا ،سرگودھا