کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 513
شیخ القراء قاری فتح محمد اعمیٰ پانی پتی ٭ ٭ ترتیب واضافہ:قاری ابراہیم میر محمدی٭ الحالّ المرتحل ....شرعی حیثیت ہمارے ہاں یہ معمول عام ہے کہ حفاظ و قراء کرام جب قرآن کریم کی تکمیل کرتے ہیں توسورۃ الناس کوختم کرنے کے بعد دوبارہ سورۃ الفاتحہ سے ابتداء کرکے سورۃ البقرۃ میں المُفْلِحُونَ تک تلاوت کرتے ہیں ۔ بعض اہل علم اس عمل کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہیں ، حتیٰ کہ بسااوقات اسے بدعت تک قرار دے دیاجاتاہے۔ اسے اصطلاحات قراء میں الحال والمرتحل سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ پانی پتی سلسلہ قراءات کے بانی استاد شیخ القراء قاری فتح محمد رحمہ اللہ نے علامہ شاطبی رحمہ اللہ کی مایہ ناز کتاب ’الشاطبیہ‘ کی عظیم ’عنایات رحمانی‘ کی تیسری جلد میں اس مسئلہ پر تفصیلاً قلم اٹھایا ہے، جس کی تلخیص و تہذیب ہم اُستاد القراء قاری محمد ابراہیم میرمحمدی حفظہ اللہ کے قلم سے رُشد کے صفحات میں پیش کررہے ہیں ۔ اس ضمن میں قاری صاحب موصوف نے تکمیل ِفائدہ کے لئے مدینہ یونیورسٹی کی قرآن فیکلٹی کے سابق پرنسپل ڈاکٹر عبدالعزیز القاری حفظہ اللہ کی گرانقدر تصنیف ’سنن القراء ومناہج المجوِّدین‘سے متعدد مقامات پر مفید اضافہ جات فرما دیئے ہیں ۔ اس موضوع پر تفصیلی مطالعہ کے شائقین کو فن قراءات کے مصادر کی طرف رجوع کرنا چاہئے، کیونکہ تمام متقدمین علمائے قرآن نے اپنی اَسانید قراءات میں اس عمل کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے متواترۃً ثابت کیا ہے۔(ادارہ) قرآن مجید کے ختم سے متعلقہ امور میں سے ایک امر یہ ہے کہ قاری جب سورۃ الناس کے اخیر میں پہنچے تو فوراً سورۃ الفاتحہ پڑھے اور اس کے بعد سور ۃ البقرۃ کی چند ابتدا ئی آیات، یعنی ﴿ اُولٰئِکَ عَلٰی ہُدًی مِّن رَّبِّھِمْ وَاُولٰئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾ تک پڑھے، تاکہ یہ عمل اس پردلیل ہوجائے کہ نہ تو وہ قراءۃ کوبالکل بند کررہا ہے اور نہ اُس سے اعراض کررہا ہے اورنہ ایک بارپڑھ لینے کو کافی سمجھ رہا ہے، مزید برآں یہ کہ اس کو جاری اور دائمی عبادت کا ثواب حاصل ہوجائے۔ اس سلسلہ میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالعزیز القاری رقم طراز ہیں : ’’قراء کرام کا طریقہ ہے کہ جب وہ قرآن کریم ختم کرتے وقت سورۃ الناس کی قراءۃ سے فارغ ہوتے ہیں تو سورۃ الفاتحہ شروع کردیتے ہیں اور سورۃ البقرہ کی پہلی پانچ آیات یعنی ﴿وَاُولٰئِکَ ہُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾ تک پڑھتے ہیں ۔ اپنی اِصطلاحات میں اس کا نام انہوں نے الحالّ و المرتحل رکھا ہے۔ اس کے بعد وہ ختم قرآن کی دعا پڑھتے ہیں ، کیونکہ یہ قبولیت کامقام ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح حدیث کے ساتھ ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیاگیا کہ کون سا
[1] ٭ پاکستان میں پانی پتی سلسلہ قراءات کے بانی مبانی استاد.... شاطبیہ کی عظیم عنایت رحمانی کے مؤلف [2] بانی و مؤسس تحریک کلیۃ القرآن الکریم وپرنسپل ادارہ کلیۃ القرآن مرکز البدر، پھول نگر