کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 467
انہوں نے غوروفکر شروع کیا کہ اس اسم کو فعل مذکور، فعل مقدر یاکسی اور چیز نے رفع دیا ہے۔ ابن الانباری رحمہ اللہ نے کتاب الانصاف، مسئلہ نمبر ۳۵ میں حرف شرط کے بعد مرفوع اسم کے بارے میں تین آراء پیش کی ہیں ۔ ہم اس مسئلہ کے بارے میں حسب ذیل آراء پیش کرتے ہیں : ۱۔ جمہور بصریوں کاخیال ہے کہ اس سے قبل فعل محذوف مانیں گے یہ اسم اس کافاعل بن کر مرفوع ہوگا اور بعد والافعل اس کی تفسیر ہوگا۔اس طرح یہ جملہ فعلیہ ہوگا اور جملہ تفسیریہ ہونے کی وجہ سے اس کاکوئی اعراب نہیں ہوگا۔ ۲۔ اخفش رحمہ اللہ ، فراء رحمہ اللہ کی ایک رائے اور سیبویہ رحمہ اللہ کی ایک رائے [شرح ابن عقیل:۲/۶۱] کے مطابق یہ اسم مبتدا ہونے کی وجہ سے مرفوع ہے اور اس کے بعد والا جملہ اس کی خبر ہوگا۔ ۳۔ کوفیوں کی رائے کے مطابق مرفوع اسم میں عامل اس کی طرف لوٹنے والافعل ہوگا یعنی اس کے بعد فعل میں ایک ضمیر مستتر ہوگی جو مقدم اسم پرعمل کرے گی۔ [الانصاف لابن الانباری المسالۃ:۸۵] یہ رائے انتہائی ضعیف ہے۔ ۴۔ فراء رحمہ اللہ کی ایک رائے کے مطابق اس میں فعل مذکور عامل ہوگا۔فراء کے نزدیک اس جیسی صورت میں فاعل کو فعل پر مقدم کرنا جائز ہے۔ یہ رائے بھی ضعیف ہے۔ ۵۔ ابن جنی کی رائے میں یہاں پر متکلم خود عامل ہے۔ وہ خود رفع، نصب یا جر دینے والا ہے، لیکن کلمات میں یہ اُصول نہیں ہوتا۔ [الخصائص لابن جنی:۱/۱۰۹] ۶۔ بعض نحویوں کے مطابق اس میں عامل عربوں کااستعمال ہے۔انہوں نے اسی طرح رفع، نصب، جر کے ساتھ پڑھا ہے، لیکن اس موقف کے لیے لغت سے دلیل چاہئے اور علماء نے پڑھنے والوں کی آسانی کے لیے لفظی اور معنوی عوامل بیان کئے ہیں ان میں سے کوئی عامل ہوناچاہئے۔ ۷۔ ابن مضاء نے کہا: یہاں پر خود اللہ تعالیٰ عامل ہیں ۔ یہاں پر ہم دیکھتے ہیں کہ کس طرح نحوی قواعد نحویہ کی بنیاد پر ان آیات میں تاویل کرتے ہیں اور اس مرفوع اسم کے لیے مقدر عبارات نکالتے ہیں ۔ بعض نحویوں نے اس کے فطری اعراب یعنی مبتدا خبر کی طرف اشارہ کیا ہے، لیکن ان کازیادہ زور نحوی قاعدے کو بچانے پرصرف ہورہاہے۔ قرآن مجید کو حق مانتے ہوئے اور اس کی اتباع کرتے ہوئے اس کے فطری اعراب مبتدا خبر کو تسلیم کرناچاہئے۔ قرآن مجیدمیں اس کی بے شمار مثالیں بھری ہوئی ہیں ہم ان میں سے بعض یہاں پر پیش کرتے ہیں: ۱۔ فَاِذَا النُّجُوْمُ طُمِسَت سورۃ المرسلات آیت : ۸ ۲۔ وَاِذَا السَّمَائُ فُرِجَت سورۃ المرسلات آیت : ۹ ۳۔ وَاِذَا الْجِبَالُ نُسِفَت سورۃ المرسلات آیت : ۱۰ ۴۔ وَاِذَا الرُسُلُ أُقِتت سورۃ المرسلات آیت : ۱۱ ۵۔ اِذَا الشَمْسُ کُوِّرَتْ سورۃ التکویر آیت : ۱ ۶۔ وَاِذَا النجومُ انْکَدَرَتْ سورۃ التکویر آیت : ۲ ۷۔ وَاِذَا الجبالُ سُیِّرَت سورۃ التکویر آیت : ۳