کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 134
تائیدی فتاویٰ جات کے متعلق بعض توضیحات اصل فتویٰ جامعہ لاہور الاسلامیہ کے مفتیان(حافظ عبد الرحمن مدنی،حافظ ثناء اللہ مدنی، مولانا محمد رمضان سلفی اور مولانا محمد شفیق مدنی حفظہم اللہ ) نے تیار کیا جس پر تمام مکاتب فکر کے دار الافتا اور اکابر شخصیات سے تصدیق وتائید حاصل کی گئی۔بعض اہل علم نے اس فتویٰ پر وضاحتی نوٹس بھی لکھے جو کہ درج ذیل ہیں : مولانا عبد اللہ امجد چھتوی( شیخ الحدیث مرکز الدعوۃ السلفیۃ ستیانہ بنگلہ ،فیصل آباد) اُمت کی سہولت وآسانی کے لیے قرآن مجید کو سات قراء توں میں پڑھنے کی رخصت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح اَحادیث سے ثابت ہے اور یہ سات قراء تیں باہمی تداخل قراءات سے زیادہ قراءات کے اثبات پر اُمت مسلمہ کا اجماع ہے لہٰذا نصوص قطعیہ یا اجما ع امت سے ثابت شدہ قرآنی قراءات کا انکار کرنا عقل پرستی اور گمراہی ہے اور مؤمنوں کے راستہ سے انحراف کرنا ہے جس کی کتاب وسنت میں قطعاً گنجائش نہیں ہے۔ مولانا محمد امین(شیخ الحدیث دارالعلوم تقویۃ الاسلام اوڈانوالہ،فیصل آباد) موجودہ قراءاتِ سبعہ یا عشرہ کے جواز کے بارہ میں واقعتا اہل سنت میں کوئی اختلاف نہیں ۔البتہ ان قراءات کا تعلق صرف لغت قریش سے ہے۔’احرف سبعہ‘ میں سے باقی لغات کا جواز عارضی طور پر مجبوری کی وجہ سے تھا۔مجبوری اور عذر کے ختم ہونے پر ان کا جواز بھی ختم ہو گیا اور وجود بھی۔اب ان کا کوئی وجود نہیں صرف لغت قریش باقی ہے اور موجودہ قراءات اسی لغت کو پڑھنے کے مختلف انداز ہیں ۔ہذا ما عندی واللّٰہ أعلم بالصواب مولانا عبد اللہ رفیق(شیخ الحدیث دار العلوم المحمدیۃ ) محدثین کے نزدیک معتبر اَحادیث ، وہ متواترہ ہوں یا غیر متواتر ہ، سے ثابت شدہ قر ا ء ا ت او ر معتبر قراءِ عظام سے مروی وہ قراءات ولہجات جو سبعۂ اَحرف کے ضمن میں آتے ہیں ان پر ایمان لانا او ر ان کو تسلیم کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔اوران کاانکار صرف قرآن مجید کا ہی انکار نہیں بلکہ ان اَحادیث متواتر کا بھی انکار ہے جس میں یہ ذکر ہے کہ قرآنِ مجید سات حروف پر نازل ہوا ہے۔ ان قراءات کے انکار کرنے والے کے گمراہ ہونے اور صراط مستقیم سے ہٹے ہوئے ہونے میں قطعاً کوئی شک نہیں ،البتہ قرآن مجید یا اس کی قراءات کے ثبوت کے لیے تواتر کی شرط لگانا یا تمام ثابت شدہ قر اء ات ولہجات کے بارے میں متوار ہونے کا دعویٰ کرنا محل ِ نظر ہے ۔ شیخ عبد اللہ ناصرالر حمانی(مدیر المعہد السلفی ،کراچی) الحمد اللّٰہ والصلاۃ والسلام علی رسول اللّٰہ وبعد: لقد وفقت لجنۃ الافتاء للرشد والسداد فجزی اللّٰہ خیرا جمیع من ساہم فی أعدادہ وضاعف أجرہم وأجزل مثوبتہم واللّٰہ تعالیٰ ولی التوفیق۔