کتاب: رُشدقرأت نمبر 2 - صفحہ 121
یہاں موجود ہیں ۔ جیسے تھے ویسے ہی قائم ہیں مشہور ومنقول وماثور قراء توں میں محفوظ ثابت ہیں ۔ والحمد للّٰہ رب العالمین۔ [مذکورہ بالا بحث امام ابن حزم رحمہ اللہ کی کتاب الفصل فی الملل والاہواء والنحل کے اردو ترجمے ’قوموں کا عروج وزوال‘ مترجم:مولانا عبداللہ عمادی سے لی گئی ہے صفحہ نمبر۳۱۷تا۳۱۹۔نیز قراءات عشرہ اور سبعہ احرف کے حذف کے حوالے سے یہی بحث امام ابن حزم رحمہ اللہ کی کتاب الاحکام فی أصول الاحکام میں بھی موجود ہے۔ [۱/۵۶۵] اختصار کی غرض سے یہاں نقل نہیں کی جارہی] ٭٭٭ امام ابن حزم رحمہ اللہ معوذتین او رسورۃالفاتحہ کے بار ے میں فرماتے ہیں : وہ قرآن مجید جو مشرق ومغرب میں مسلمانوں کے پاس مصاحف میں موجود ہے، سورۃ الفاتحہ سے لے کر آخر معوذتین تک۔ اللہ تعالیٰ کا کلام اور وحی الٰہی ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر نازل فرمایا: جس شخص نے اس(قرآن) میں سے ایک حرف کابھی انکار کیا وہ کافر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿فأجِرْہُ حَتّٰی یَسْمَعَ کَلَامَ اللّٰہ ﴾[التوبۃ:۶] نیز فرمایا : ﴿ نَزَلَ بِہِ الرُّوْحُ الأَمِیْنُ عَلٰی قَلْبِکَ ﴾ [الشعراء :۱۹۳] نیز فرمایا : ﴿وَکَذَلِکَ أوْحَیْنَا اِلَیْکَ قُرْآنًا عَرَبِیًّا ﴾ [الشوریٰ: ۷] سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب وہ روایت جس میں مذکور ہے کہ ان کے مصحف میں سورۃ الفاتحہ اور معوذتین موجود نہیں تھیں ، جھوٹی اور موضوع ہے اور ان سے صحیح ثابت نہیں ہے بلکہ ان سے امام عاصم کی قراءت عن زر بن حبیش عن ابن مسعود رضی اللہ عنہ صحیح ثابت ہے، اور اس قراءت میں سورۃ الفاتحہ او رمعوذتین موجود ہیں ۔ [المحلی:۱/۱۳] ٭٭٭ امام ابن حزم رحمہ اللہ ’’بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم‘‘ کے متعلق فرماتے ہیں : جو شخص ان قراء کرام کی قراءت یاروایت پڑھتا ہے جنہوں نے’’بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم‘‘ کوقرآن مجید کی آیت شمار کیا ہے ، اس کی نمازبدون ِبسملہ درست نہیں ہو گی۔ بسملہ کو آیت شمار کرنے والوں میں امام عاصم بن ابی النجود ،امام حمزہ ، امام کسائی ، امام عبد اللہ بن کثیر رحمہم اللہ او رمتعدد صحابہ کرام وتابعین عظام شامل ہیں ۔اور جو شخص ان قراء کرام کی قراءت یار وایت پڑھتا ہے جو بسملہ کو سورۃ الفاتحہ کی آیت شمار نہیں کرتے، وہ بسملہ پڑھنے او رنہ پڑھنے کے درمیان مختار ہے۔ بسملہ کو آیت شمار نہ کرنے والوں میں امام ابن عامر شامی، امام ابو عمرو بصری اٰور امام یعقوب رحمہم اللہ شامل ہیں ۔ آگے چل کر امام ابن حزم رحمہ اللہ فرماتے ہیں : حق یہی ہے کہ نماز میں سورۃ الفاتحہ کی قراءت کرنا فرض ہے۔ اور ان قراءاتِ قرآنیہ کے برحق اورقطعی ہونے میں اہل اسلام کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ تمام کی تمام قراءات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرائیل علیہ السلام سے اور انہوں نے اللہ تعالیٰ سے نقل کی ہیں ۔ جب تمام قراءات برحق ہیں تو انسان ان میں سے