کتاب: روزہ حقیقت و ثمرات - صفحہ 6
کتاب: روزہ حقیقت و ثمرات
مصنف: فضیلۃ الشیخ عبداللہ ناصر رحمانی
پبلیشر: مکتبہ عبداللہ بن سلام لترجمۃ کتب الاسلام
ترجمہ:
رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ،برکتوں اور مغفرتوں کا ایک عظیم مہینہ ہے۔ اس کتاب کے مصنف دور حاضر کے عظیم عالم دین علامہ عبداللہ ناصر رحمانی صاحب حفظہ اللہ ہیں۔ مصنف حفظہ اللہ نے اس مختصر سے رسالہ میں،احکام ِ رمضان سے قطع نظر ، قرآن وحدیث کی روشنی میں ان طرق کی وضاحت کی ہے جنہیں اختیار کرکے اس ماہِ مقدس کی خیرات وبرکات کو سمیٹا جاسکتا ہے ۔
عرضِ مؤلف
الحمد ﷲ والصلاۃ والسلام علی رسول اللہ ،وبعد :
رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،یہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ،برکتوں اور مغفرتوں کا ایک عظیم مہینہ ہے ،جامع ترمذی اور سنن ابن ماجہ کی ایک صحیح حدیث کے مطابق رمضان المبارک کی ہر رات اللہ تعالیٰ اپنے بہت سے بندوں کی گردنیں جہنم سے آزادکردیتا ہے، اور ابن ماجہ وغیرہ کی حدیث کے مطابق ہر بندے کو کچھ دعواتِ مستجابہ عطاکردی جاتی ہیں۔
ان تمام فضائل ومحاسن کو سمیٹنا ضروری ہے،ہم نے اپنے اس مختصر سے رسالہ میں،قرآن وحدیث کی روشنی میں ان طرق کی وضاحت کی ہے جنہیں اختیار کرکے اس ماہِ مقدس کی خیرات وبرکات کو سمیٹا جاسکتا ہے ۔
واضح ہوکہ اس رسالہ کا موضوع احکامِ رمضان نہیں ہے ،بلکہ اکتسابِ ثمراتِ رمضان کے طرق کابیان مقصود ہے،تشویق وترغیب کیلئے رمضان المبارک کے فضائل نیزاہداف و مقاصد بھی بیان کردیئے گئے ہیں ،اس رسالہ کی تیاری میں بہت سے مراجع زیرِ نظر رہے، لیکن سب سے اہم مرجع کے طور پر ہم نے حافظ ابنِ رجب البغدادی الحنبلی رحمہ اللہ کی معرکۃ الآراء تصنیف ’’لطائف المعارف فیما لمواسم العام من الوظائف‘‘ سے استفادہ کیا ہے۔فرحمہ اللہ رحمۃواسعۃ ووفقنا جمیعا لما فیہ حبہ ورضاہ، وأصلی وأسلم علی نبیہ محمد وعلی آلہ وصحبہ وأھل طاعتہ الی یوم الدین۔
وکتب ذلک /عبد اللہ ناصر الرحمانی
مدیر:مکتبۃ عبد اللہ بن سلام لترجمۃ کتب الاسلام