کتاب: روزہ حقیقت و ثمرات - صفحہ 51
ترجمہ:عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنھما سے مروی ہے،فرماتے ہیں :[رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے بڑے سخی تھے اورسب سے زیادہ سخاوت آپ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک میں کیا کرتے تھے ،جبکہ جبرئیل علیہ الصلاۃوالسلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملکر قرآن کادور کیا کرتے تھے،اور جبرئیل علیہ الصلاۃ والسلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے رمضان کی ہر رات ملتے اور قرآن کا دور کرتے،اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تیز رفتار آندھی سے بڑھ کر سخاوت کیا کرتے تھے ](بخاری ومسلم)
مسند احمد کی ایک حدیث میں یہ بھی مذکور ہے کہ[ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے جس چیز کا سوال کیا جاتا دے دیتے تھے ۔]
صحیح بخاری ومسلم میں انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی ایک روایت میںہے کہ [رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے خوبصورت، سب سے بہادر اور سب سے سخی تھے]
صحیح مسلم میں انس بن مالک ہی کی ایک حدیث ہے کہ[ ایک شخص نے اسلام قبول کیا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے دو پہاڑوں کے درمیان موجود بے شمار بکریوں کا سوال کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ تمام بکریاں اسے عطا فرمادیں،وہ خوشی خوشی اپنی قوم میں لوٹا اور کہا اے قوم تم سب اسلام قبول کرلو کیونکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اتنا کچھ دے دیتے ہیں کہ کوئی اندیشۂ فقر نہیں رہتا۔]
صحیح مسلم ہی میں ہے ،کہ [رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگِ حنین کے موقع پر صفوان بن امیہ کو سو اونٹ دیئے،جس پر صفوان کہہ اُٹھا :اتنی سخاوت تو ایک نبی ہی کرسکتا ہے]