کتاب: روشنی - صفحہ 4
ہو۔ کیونکہ ایک مسلمان کے لیے حجت صرف اور صرف کتاب و سنت ہی ہے۔ اگر پڑھنے والا اسے تعصب کی عینک اُتار کر پڑھے تو مجھے اُمید ہے کہ گمراہی کی تاریکی میں بھٹکنے والا ایمان کی روشنی پا لے گا، اسی لیے اس کتاب کا نام بھی ’’روشنی‘‘ ہی رکھا گیا ہے۔
وہ تمام نمازیں جو من گھڑت اور گمراہی کی طرف لے جانے والی ہیں، ان کا تفصیلی ذکر بھی اسی کتاب کا خاصہ ہے۔ اور خاص بات یہ ہے کہ ان نمازوں کا کسی حدیث یا فقہ کی کتابوں میں ذکر نہیں ملتا، یہ صرف اور صرف تصوف کی کتابوں میں ہی پائی جاتی ہیں اور یہ کتابیں ان کے خود ساختہ فضائل و برکات سے بھری ہوئی ہیں۔ ان کے پڑھنے کے خاص طریقے اور اجر ثواب بھی بیان کیا گیا ہے۔
مسلمانوں میں جو طبقہ بہت سی گمراہی کو اپنے اندر لیے ہوئے ہے وہ صوفیا کا طبقہ ہے۔ صوفیا کو سیرت طیبہ اور سنت مطہرہ سے کوئی دُور کا بھی واسطہ نہیں ، ایسے اعمال کو ہی ضروری خیال کرتے ہیں جو ان کے مزعومہ فوائد کو تقویت دیتے ہوں۔
ڈاکٹر سیّد سعید احسن عابدی حفظہ اللہ نے جہاں صوفیا کے گمراہی والے عقائد و نظریات کی علمی دلائل سے پردہ کشائی کی ہے ، وہاں کتاب کے آخر میں اُمت مسلمہ کے ایک اہم مسئلہ ’’ایک مجلس کی تین طلاق‘ کو بھی دلائل سے حل کر دیا ہے، جس مسئلہ میں کتاب و سنت سے ہٹتے ہی، خاندان تو ایک طرف پورا معاشرہ ہی تباہی کی طرف مُڑ جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خطیر سے نوازے۔ آپ کا اندازِ بیان کچھ ایسا ہے کہ کوئی بھی شخص متاثر ہوئے بغیر رہ نہیں سکتا۔ ڈاکٹر صاحب سے میرا تعارف ایک پر خلوص شخصیت محترم ابو حماد عبدالغفار مدنی حفظہ اللہ کے ذریعے سے ہوا۔ ڈاکٹر صاحب ایک بہترین قلم نگار ہیں، اس بات کا اندازہ آپ کو کتاب پڑھنے کے بعد اچھی طرح سے ہو گا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ ڈاکٹر صاحب کی صحت کے لیے دعا کریں تاکہ ہم سب ان کے علم سے مستفید ہو تے رہیں۔
ابو ساریہ عبدالجلیل
سعودی عرب