کتاب: روشني اور اندھیرا - صفحہ 16
میں طبع ہو کر دونوں ہی رسالے قبول عام حاصل کرچکے ہیں،ان کے علاوہ ’’ الذکر والدعاء والعلاج بالرقی من الکتاب والسنۃ ‘‘ چار جلدوں میں،’’ صلاۃ المؤمن ‘‘ دو جلدوں میں اور ’’ نور الہدیٰ وظلمات الضلال ‘‘ ایک جلد میں،نیز دیگر درجنوں کتابیں طالبان علوم دین کے لیے گرانقدر سرمایہ ہیں۔ ذکر و دعا کے موضوع پر مشہور کتاب ’’ حصن المسلم ‘‘ آپ ہی کی تالیف ہے جو دنیا کی تمام زندہ زبانوں میں ترجمہ ہو کر دنیا کے گوشے گوشے میں پھیل چکی ہے۔ زیر نظر کتاب کو مولف نے دو حصوں میں تقسیم کیا ہے۔پہلا حصہ توحید سے متعلق ہے جس میں توحید کا معنی و مطلب،توحید کے دلائل،توحید کے اقسام اور اس کے فوائد و ثمرات بیان کیے گئے ہیں،اور دوسرا حصہ شرک سے متعلق ہے جس میں شرک کا معنی و مطلب،شرک کی تردید اور اس کے دلائل،مثبت و منفی شفاعت،شرک کے اسباب و وسائل،شرک کے انواع و اقسام اور اس کے نقصانات بیان کیے گئے ہیں۔ مولف کی ایک خوبی یہ ہے کہ ہر مسئلہ کو عام فہم پیرائے میں کتاب و سنت سے مدلل بیان کرتے ہیں جس کا عام قاری پر بڑا گہرا اثر ہوتا ہے۔ عصر حاضر میں اس قسم کی کتابوں کی نشرو اشاعت کی شدید ضرورت ہے،خصوصاً اس زمانہ میں جبکہ بہت سے مسلمان علم توحید سے غافل ہوچکے ہیں یا انھوں نے دیگر علوم و فنون کو توحید پر ترجیح دے دی ہے اور اس عظیم علم سے دور جاپڑے ہیں جس پر ان کی دنیوی و اخروی سعادت کا دارو مدار ہے،اور یہی وجہ ہے کہ آج شرک عام ہوچکا ہے،قبروں کی پوجا اور ان کا طواف کیا جارہا ہے اور اللہ کو چھوڑ کر مردوں کو پکارا جارہا ہے،بلکہ بعض ناواقف تو شرک ہی کو توحید جان کر اس پر عمل پیرا ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہی اللہ کا وہ دین ہے جو اس نے اپنے رسولوں کو دے کر بھیجا ہے اور یہ درحقیقت عصر حاضر میں دین اسلام کی اجنبیت کا ایک منظر ہے۔ اس کتاب کے اُردو ترجمہ کی توفیق اللہ تعالیٰ نے برادر عزیز شیخ عنایت اللہ سنابلی کو بخشی جو تحریر و ترجمہ کا اچھا ذوق رکھتے ہیں،مکتب توعیۃ الجالیات قبہ،القصیم کی جانب سے