کتاب: روشني اور اندھیرا - صفحہ 12
ہے،کیونکہ کوئی بھی عمل تب تک شرفِ قبولیت سے بہرہ یاب نہیں ہو سکتا جب تک اس میں اخلاص نہ ہو۔مولف نے بھی اس حصے پر اتنے اخلاص سے کام کیا کہ اخلاص کا مفہوم،اس کی اہمیت،اچھی نیت کا مقام،نیک عمل سے دنیا طلبی کی خطرناکی،دنیا کی خاطر عمل کی قسمیں،ریاکاری کی خطرناکی،اس کے انواع و اقسام،عمل پر اس کے اثرات اور ریاکاری کے اسباب و محرکات،نیز حصول اخلاص کے طریقے روزِ روشن کی طرح واضح ہو گئے ہیں۔ چوتھے حصے کوآسانی اور عام فہمی کے لیے دوحصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔پہلے حصے میں سنت کا مفہوم،اہمیت اور مقام و مرتبے کو واضح کیا گیا ہے جب کہ دوسرے حصے میں بدعت کے اسباب،اقسام،عصر حاضر کی مروجہ بدعات،بدعتی کی توبہ،بدعات کے اثرات اور نقصانات جیسے پُر مغز موضوعات کو قرطاس کی زینت بنا دیا گیا ہے تاکہ عام قاری کے دل میں یہ بات اُتر جائے کہ صاحب سنت (متبع سنت) ہونے سے انسان میں زندہ دلی،روشن ضمیری اور ظاہری و باطنی طور پر احکام الٰہی کا پیروی کا جذبہ موجزن ہو جاتا ہے اور بدعات سے دل مردہ،ضمیرتاریک اور پھر تاریک سے تاریک تر ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس کتاب کا مقصد لوگوں کو بدعات و خرافات،قبر پرستی،کفر و شرک کی تاریکی سے نکال کر کتاب و سنت والی ہدایت،توحید،ایمان،اخلاص والی روشنی کی طرف لانا ہے۔اللہ تعالیٰ ’’مکتبہ الفرقان‘‘ کو کتاب و سنت کی روشنی پھیلانے کا ذریعہ بنائے رکھے اور جملہ معاونین کو ثواب ِعظیم سے نوازے۔آمین! یکم جون۲۰۰۹ء ابو ساریہ عبدالجلیل الریاض،سعودی عرب ٭٭٭