کتاب: رزق کی کنجیاں - صفحہ 42
-۳- اللہ تعالیٰ پر توکل جن اسباب کی وساطت سے رزق حاصل کیا جاتا ہے، ان میں ایک اہم سبب اللہ مالک الملک پر (توکل) ہے۔ اس موضوع کے متعلق درج ذیل تین عنوانوں کے تحت ان شاء اللہ گفتگو کی جارہی ہے۔ ا: اللہ تعالیٰ پر توکل کا مفہوم ب: توکل کے کلید رزق ہونے کی دلیل ج: کیا توکل سے مراد رزق کے لیے کوشش کا چھوڑنا ہے؟ ا: اللہ تعالیٰ پر توکل کا مفہوم: تین علماء کے اقوال: علمائے امت نے توکل کے معنٰی کو خوب وضاحت سے بیان کیا ہے۔ ذیل میں ان میں سے تین کے اقوال کو ملاحظہ فرمائیے۔ ۱: علامہ غزالی تحریر کرتے ہیں: ’’ اَلتَّوَکُّلُ: عِبَارَۃٌ عَنِ اعْتِمَادِ الْقَلْبِ عَلَی الْوَکِیْلِ وَحْدَہٗ۔‘‘[1] ’’توکل یہ ہے، کہ دل کا اعتماد صرف اسی پر ہو، جس پر توکل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہو۔‘‘ ۲: علامہ مناوی رقم طراز ہیں: ’’اَلتَّوَکُّلُ: إِظْہَارُ الْعَجْزِ وَالْاِعْتِمَادِ عَلَی الْمُتَوَکَّلِ عَلَیْہِ۔‘‘[2]
[1] إحیاء علوم الدین ۴/۲۵۹۔ [2] فیض القدیر ۵/۳۱۱۔