کتاب: رزق کی کنجیاں - صفحہ 17
کسبِ معاش کے معاملے میں اللہ تعالیٰ اور ان کے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی نوع انسان کو اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مارتے ہوئے نہیں چھوڑا، بلکہ کتاب و سنت میں رزق کے حصول کے اسباب کو خوب وضاحت سے بیان کردیا گیا ہے۔ اگر انسانیت ان اسباب کو اچھی طرح سمجھ کر ،مضبوطی سے تھام لے اور صحیح انداز میں ان سے استفادہ کرے، تو اللہ مالک الملک، جو {الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّۃِ الْمَتِیْنُ} ہیں،[1] لوگوں کے لیے ہر جانب سے رزق کے دروازے کھول دیں گے۔ آسمان سے اُن پر خیر و برکات نازل فرمادیں گے اور زمین سے اُن کے لیے گوناگوں اور بیش بہا نعمتیں اگلوائیں گے۔
اس کتاب میں اللہ تعالیٰ کی توفیق سے کتاب و سنت کی روشنی میں رزق کے تیس اسباب کے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔ شاید کہ مولائے کریم اس میں اُن بھولے بھٹکے برادرانِ اسلام کے لیے راہنمائی کا سامان پیدا فرمادیں، جو کسبِ معاش کی کوششوں میں مگن تو ہیں، لیکن حصولِ رزق کے شرعی اسباب سے یا تو بے خبر ہیں یا باخبر ہونے کے باوجود انہیں فراموش کرچکے ہیں اور ان کے بارے میں غلط فہمیوں کا شکار ہیں۔
اس کتاب کا نام:
(رزق کی کنجیاں : کتاب و سنت کی روشنی میں)
رکھا گیا ہے۔
کتاب کی تیاری میں پیشِ نظر باتیں:
توفیقِ الٰہی سے اس سلسلے میں درجِ ذیل باتوں کا اہتمام کرنے کی مقدور بھر کوشش کی گئی ہے:
۱: اس کی اساس اور بنیاد قرآن و سنت ہے۔
۲: احادیثِ شریفہ کو غالباً ان کے اصلی مراجع و ماخذ سے براہِ راست نقل کیا گیا ہے۔ صحیح
[1] {الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّۃِ الْمَتِیْنُ} بہت زیادہ رزق عطا فرمانے والے اور بہت زیادہ قوت والے۔