کتاب: رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ - صفحہ 9
کتاب: رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ مصنف: المحدث الشیخ العلامہ المجتہد الامام محمد فاخر آلہ آبادی پبلیشر: سلفی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ترجمہ: امام محمد نواب صدیق حسن خان مقدمہ فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ ’’رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ‘‘باروہویں صدی ہجری (۱۱۶۱ھ )کی لکھی ہوئی تالیف ہے۔اس کے مؤلف اپنے وقت کے ایک محقق عالم دین ،محدث اور نہایت فاضل سلفی بزرگ تھے،مولانا محمد فاخر زائر الہ آبادی رحمہ اللہ تعالیٰ (متوفی ۱۱۶۴ھ)۔ اصل کتاب فارسی میں تھی جو اس وقت ہندوستان میں عام تھی ۔کتاب کی اہمیت کے پیش نظر کم و بیش ڈیڑھ صدی قبل مجدد العلوم نواب والاجاہ صدیق حسن خاں رحمہ اللہ (متوفی ۱۳۰۷ھ)نے اس کا خلاصہ نما اردو میں ترجمہ کیا تھا ۔ اس کا دوسرا مکمل ترجمہ مخدومی المحترم مولانا محمد عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ (متوفی۱۹۸۷ھ )کی خواہش پر ،جو مآثر سلف کے احیاء کا بے پناہ جزبہ رکھتے تھے ،استاذی المحترم حافظ محمد اسحاق شیخ الحدیث دارالعلوم تقویۃ الاسلام لاہور ،(متوفی ۱۴۲۳ھ)نے کیا تھا اور المکتبۃ السلفیۃ[1] لاہور نے شایع کیا تھا۔ اب اردو ایڈیشن کی یہ تیسری اشاعت ہے جو قارئین کے ہاتھوں میں ہے ۔اس ایڈیشن کی خصوصیت یہ ہے کہ اس رسالے کی تحقیق و شرح بھی کر دی گئی ہے۔
[1] بلکہ جمعیت اہلحدیث لاہور نے شائع کیا تھا ۔ادارہ