کتاب: رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ - صفحہ 89
رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی نام وضع نہیں کر سکتے ،اللہ تعالیٰ کے ناموں میں الحاد(۸۱) اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح میں ممنوع حد تک غلو کرنا بدعت اور گمراہی ہے۔ بعض اوقات آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح اس انداز سے کی جاتی ہے کہ مادح (تعریف کرنے والا)کفر کی حد میں داخل ہو جاتا ہے (۸۲)
...........................................................................................
(۸۱)الحاد سے مرادہے کہ اللہ تعالیٰ کے ناموں میں اصل معنی سے انحراف کرنا، مثلاً کسی نام کا انکار کرنا ،اللہ کی صفات کو مخلوق کے مشابہ تسلیم کرنا یا اپنی طرف سے اللہ تعالیٰ کا کوئی نام رکھ لینا جیسے:الاب،العدیم وغیرہ حالانکہ یہ اللہ تعالیٰ کے نام نہیں ہیں ،یہ بھی صورت الحاد کی ہے کہ اپنے معبودوں کو اللہ تعالیٰ کے ناموں کے ساتھ پکارنا ۔یاد رہے کہ الحادکی تمام صورتیں حرام ہیں ۔
تنبیہ:مساجد وغیرہ میں اللہ تعالیٰ کے نام ٹائلوں پر لکھے ہوئے جو لگائے جاتے ہیں ان میں بعض نام وہ بھی ہیں جو ثابت نہیں ہیں مثلاً العدیم یہ اللہ تعالیٰ کا نام نہیں ہے جامعہ کمالیہ راجووال اوکاڑہ کے محراب کے ارد گرد اللہ تعالیٰ کے نام والی ٹائلیں لگی ہوئی تھیں ۔2014ء میں استاد محترم شیخ حافظ محمد شریف حفظہ اللہ وہاں تشریف لائے انھوں نے نماز پڑھی۔ اور ان کی نظر اسماء باری تعالیٰ پر پڑی۔ ان ناموں میں ایک نام العدیم بھی لکھا ہوا تھا ۔۔۔استاد محترم نے شیخ عبیدالرحمن محسن مہتمم جامعہ ھذا سے پوچھا کہ ’’ العدیم‘‘ کیا اللہ کا نام ثابت ہے ؟اس طرح وہاں موجود اور بھی اہل علم سے سوال کیا پھر ان سب کوسمجھایا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا نام نہیں ہے ۔۔اور لڑکے سے کہا کہ ابھی اس ٹائل سے العدیم لفظ کو کھرچ دو،اور ایسے ہی ہوا ۔
(۸۲)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بہت سے فضائل ثابت ہیں ہمیں وہی بیان کرنے چاہئییں لیکن افسوس کہ بعض لوگوں نے یہودو نصاری کی طرح ہمارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف میں بہت غلو کیا ہے۔ خصوصاً شعروں میں تو بہت زیادہ غلو سے کام لیا گیا ہے۔ اس کی ضروری تفصیل دیکھئے امیرحمزہ صاحب کی کتاب (شاہراہ بہشت (ص:۸۲ ۔۱۸۴)اللہ تعالیٰ انھیں ہدایت عطافرمائے۔