کتاب: رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ - صفحہ 14
قرآن وحدیث کے مطابق عقیدہ توحید پر بہت سی کتب لکھی جا چکی ہیں ۔ مسئلہ توحید پر ایک اہم کتاب امام محمد فاخر زائر الہ آبادی رحمہ اللہ نے تقریبا۱۱۶۱ھ میں ’’رسالہ نجاتیہ در عقائد حدیثیہ‘‘کے نام سے تالیف کی۔ اس کتاب کی اہمیت کے پیش نظر ہم اس کو شایع کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں والحمدللّٰہ علی ذلک ۔اس موقع پر راقم سلفی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی لجنہ کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہے جن کے تعاون سے یہ کتاب شایع ہوئی ۔ آخر میں مفسر قرآن ، محقق العصر فضیلۃ الشیخ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کے شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتاہوں جنھوں نے اپنی علمی مصروفیات کے باوجود کتاب کامقدمہ تحریرکیا۔ فجزاہ اللّٰہ خیرا۔اور ادارے کے مدیر ہمارے فاضل بھائی، محقق شہیر، محمد ابراہیم بن بشیر الحسینوی حفظہ اللہ کا نہایت شکرگزار ہوں جنہوں نے دن رات ایک کرکے رسالہ نجاتیہ پر میرے ساتھ کام کرکے اس کتاب کو دوچاند کردیا ۔اوروہ ادارے کے تمام امور کومکمل یکسوئی اور محنت سے سرانجام دے رہے ہیں اور ادارہ ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ہم ان کے اپنے اور لجنہ کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے بہت ممنون ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ہمارے اور ان کے نیک اعمال کا وزن بھاری فرمائے ۔آمین۔ انسانی کام میں خطا کا امکان لازم ہے لہٰذا اس کتاب میں جو بھی غلطی دیکھے ہمیں اس سے مطلع کرے ادارہ اس کا ممنون ہوگا۔ اے ہمارے پروردگار! تو ہماری اس حقیر سی کاوش کو قبول فرمااسے سلفی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی لجنہ ،ہمارے والدین واساتذہ کرام اور تمام معاونین کے لیے صدقہ جاریہ بنا ۔آمین۔ ابوخزیمہ عمران معصوم انصاری رئیس: سلفی ریسرچ انسٹیٹیوٹ برمنگھم ،انگلینڈ۔۲۰ذوالحجہ۱۴۳۶ھ