کتاب: رجال القرآن 7 - صفحہ 13
مقدمہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی کرم فرمائی اور عنایت ہے کہ ہم اس کی توفیق سے امت مسلمہ خصوصاً مسلمان نوجوانوں کے لیے اپنی کتاب کا چوتھا حصہ پیش کر رہے ہیں۔ یہ حصہ سابقہ تینوں حصوں سے مختلف ہے کیونکہ ان تینوں میں ایسے جلیل القدر رجال کار کا تذکرہ کیا گیا ہے جنھوں نے اس نئی نویلی دعوت کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لیے انھوں نے سخت محنت کی تا کہ وہ ان لوگوں کو تعلیماتِ اسلام پیش کریں جن تک نقارۂ الٰہی کی گونج نہیں پہنچی تھی، انھوں نے دین حنیف کے اصول و قوانین واضح طور پر سمجھائے اور لوگوں کو کتاب و سنت کی پیروی پر لگایا، وہ اللہ تعالیٰ اور دین الٰہی کے دشمنوں سے اپنی بساط کی حد تک تادم آخر برسر پیکار بھی رہے۔ یہ برگزیدہ ہستیاں اپنی کوششوں میں زبردست کامیاب و کامران ٹھہریں۔ اور نتیجے کے طور پر انھوں نے خود یہ مشاہدہ کیا کہ جزیرہ نمائے عرب کے ساتھ روم و فارس کے ایوان بھی اس دعوتِ توحید سے گونج اٹھے، لوگ جوق در جوق طوق غلامی سے نجات حاصل کرنے لگے، بت پاش پاش ہوتے گئے، باطل مٹتا چلا گیا حتی کہ دین صرف((لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ)) ہی رہ گیا۔