کتاب: رجال القرآن 3 - صفحہ 229
سے نجات دے؟ تم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اللہ کی راہ میں جہاد کرو اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ۔ یہ تمھارے لیے بہت بہتر ہے اگر تم علم رکھتے ہو۔ وہ (اللہ) تمھارے گناہ بخش دے گا اور تمھیں ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی اور پاکیزہ محلات میں (جو) ہمیشہ رہنے والی جنتوں میں ہیں، یہ ہے عظیم کامیابی۔ اور ایک اور (نعمت) جسے تم پسند کرتے ہو، اللہ کی طرف سے مدد اور فتح قریب، اور مومنوں کو بشارت دے دیجیے۔‘‘ [1] صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنے رب کا اعلان سنا تو فوراً اس پر لبیک کہا۔ انھیں یقین تھا کہ یہی راستہ اللہ کی نصرت و مدد کا ہے۔ یہ اس کی شرائط ہیں: اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر پختہ ایمان۔ اللہ کے راستے میں مالوں اور جانوں کے ساتھ جہاد کرنا۔ پختہ ایمان عقیدے کی درستی کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتا اور عقیدہ بھی وہی مطلوب ہے جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا تھا۔ ان کے سامنے دنیا فتح ہوتی چلی گئی اور سارا عالم ان کے راستے میں بچھتا چلا گیا۔ یہ بات برحق ہے کہ ہر شخص کے نزدیک جنگ انتہائی مکروہ اور ناپسندیدہ چیز ہے۔ جنگ نوجوانوں کو کھاجاتی ہے اور بوڑھوں اور بچوں کو ہلاک کردیتی ہے۔ اسی وجہ سے جنگ کی آگ بھڑ کانا اور جنگ کرنا دونوں ناپسندیدہ ہیں۔ قرآن نے اس کی طرف یوں اشارہ کیا ہے:
[1] الصف61: 10۔ 13۔