کتاب: رجال القرآن 3 - صفحہ 14
جیسی نظر عطا فرمائی ہے جو ہرنافع و جامع کتاب میں نفوذ کرجاتی ہے۔ وہ اسے فوراً بہت آسان اور دلکش ترجمے کے ساتھ شائع کرنے کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ ملت اسلامیہ کتاب و سنت کے جواہر اپنے عمل میں سجالے۔ زیر نظر کتاب دراصل ایک ایسے ہی خوبصورت سلسلے کی سنہری کڑی ہے۔ اس میں عرب مؤلف ڈاکٹر عبد الرحمن عمیرہ حفظہ اللہ نے قرآن کی ان مبارک آیات کا انتخاب کیا ہے جو کسی نہ کسی حوالے سے کسی نہ کسی فرد کے بارے میں اتریں۔ مؤلف حفظہ اللہ نے پہلے قرآن کی آیات بیان فرمائیں، پھر ان آیات کے بارے میں مفسرین، محدثین اور سیرت نگاروں کے اقوال درج کیے کہ یہ آیت کس کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ اس کے بعد مذکورہ صحابی کے مختصر حالات زندگی بیان کیے، نیز آیت کی شان نزول بھی بیان کردی۔ آخر میں آیت اور مذکورہ قصے سے حاصل ہونے والے فوائد و اسباق بھی بڑے جچے تلے الفاظ میں بیان کردیے۔ یہ کتاب سات اجزا پر مشتمل ہے جبکہ زیر نظر کتاب ساتویں جز پر مشتمل ہے۔ اس جز میں قرآن کے آٹھ مختلف مقامات سے آیات مقدسہ لے کر آٹھ صحابہ کرام کی مختصر سی جگمگاتی ہوئی سیرت قارئین کی خدمت میں پیش کردی ہے۔ اس جز کے اردو ترجمے کی ذمہ داری ادارہ دار السلام نے مجھے تفویض کی۔ میں اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزارہوں کہ اس نے مجھ ناچیز کو اس کتاب کے ترجمے کی توفیق عطا کر کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت کا چراغ روشن کرنے کی سعادت بخشی۔ میں اپنے اہل خانہ کا بھی ممنون ہوں کہ انھوں نے میری اتنی خوبی اور خلوص سے خدمت کی کہ میں نے اس کتاب کے اردو ترجمے کے لیے آسانی سے زیادہ سے زیادہ وقت نکال لیا۔