کتاب: رجال القرآن 2 - صفحہ 19
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ
کنیت
آپ کی کنیت ابوعبدالرحمن ہے۔ آپ سابقین اولین میں سے ہیں۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعوت توحید کا اعلان کیا تو آپ نے اس عظیم دعوت پر لبیک کہا۔ اور آپ مومنین کی اس جماعت میں سے ہیں جن پر قریش نے اپنے ظلم و تشدد کے پہاڑ ڈھائے تھے۔
والد کا نام
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے والد گرامی کا نام مسعود بن غافل تھا۔ مالی لحاظ سے نہایت کمزور تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے بنو زہرہ کو اپنا حلیف بنا لیا تھا۔
والدہ
آپ کی والدہ کا نام ام عبد بنت عبدِوَدّ تھا، معزز خواتین میں سے تھیں۔ ان کا تعلق قبیلۂ تمیم بن سعد بن ہزیل سے تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ کی والدہ کی ماں ہند بنت عبدالحارث بن زہرہ تھیں۔