کتاب: ریاض الخطبات (جلد اول) - صفحہ 339
مسلمان کون؟
"جابر فرماتے ہیں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں ۔" [1]
اپنی زبان کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگنا
" بلال حضرت شکل بن حمید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ عرض کیا یا رسول صلی اللہ علیہ وسلم مجھے کوئی دعا سکھائیے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہہ اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں اپنے کان کی برائی سے اور اپنی آنکھ کی برائی سے اور اپنی زبان کی برائی سے اور اپنے دل کی برائی سے اور اپنی خواہش کی برائی سے۔ " [2]
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مسلمان مردوں سے بہتان نا باندھنے کی بیعت لینا
"عائذ اللہ بن عبداللہ نے بیان کیا کہ عبادہ بن صامت جو جنگ بدر میں شریک تھے اور شب عقبہ میں ایک نقیب تھے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت فرمایا جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گرد صحابہ کی ایک جماعت بیٹھی ہوئی تھی، کہ تم لوگ مجھ سے اس بات پر بیعت کرو کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا اور چوری نہ کرنا اور زنا نہ کرنا اور اپنی اولاد کو قتل نہ کرنا اور نہ ایسا بہتان (کسی پر) باندھنا جس کو تم (دیدہ و دانستہ) بناؤ اور کسی اچھی بات میں اللہ اور رسول کی نافرمانی نہ کرنا پس جو کوئی تم میں سے (اس عہد کو) پورا کرے گا، تو اس کا ثواب اللہ کے ذمہ ہے اور جو کوئی ان (بری باتوں ) میں سے کسی میں مبتلا ہوجائے گا اور دنیا میں اس کی سزا اسے مل جائے گی تو یہ سزا اس کا کفارہ ہوجائے گی اور جو ان (بری) باتوں میں سے کسی میں مبتلا ہوجائے گا اور اللہ اس کو دنیا میں پوشیدہ رکھے گا تو وہ اللہ کے حوالے ہے، اگر چاہے تو اس سے درگذر کردے اور چاہے تو اسے عذاب دے (عبادہ بن صامت کہتے ہیں کہ) سب لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس شرط پر (بیعت کرلی)۔" [3]
[1] سورۃ الاحزاب:58
[2] أبو عبد اللّٰه أحمد بن محمد بن حنبل بن هلال بن أسد الشيبانی (المتوفى: 241هـ):مسند احمد،جلد5،صفحہ 47،حدیث نمبر 5385، المحقق: أحمد محمد شاكر،دار الحديث – القاهرة،الطبعة: الأولى، 1416 هـ - 1995 م،عدد الأجزاء: 8 (القسم الذي حققه أحمد شاكر)
[3] البخاری ،محمد بن إسماعيل ، أبو عبد اللّٰه الجعفی (المتوفى: 256هـ):صحیح بخاری:جلد اول:حدیث نمبر 10