کتاب: رسم نکاح اور شریعت کی مخالفت - صفحہ 2
کتاب: رسم نکاح اور شریعت کی مخالفت
مصنف: فضیلۃ الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمہ اللہ
پبلیشر: مرکز الإمام ابن تیمیہ للبحوث العلمیہ کراچی پاکستان
ترجمہ: محمد اختر صدیق
دل کی بات
ہر باشعور کا یقین ہے کہ آگ سے ہاتھ جل جاتا ہے،لہٰذا کوئی سمجھ دار جان بوجھ کر آگ کو ہاتھ نہیں لگاتا۔اسی طرح ہر انسان کا یقین ہے کہ مال و متاع ضرورت پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چنانچہ ہر صاحب ِ استطاعت انسان مال کمانے میں اپنی جانِ عزیز کا بڑا حصہ خرچ کر ڈالتا ہے۔معلوم ہوا کہ یقین اور عقیدے کا انسان کے کردار پر گہرا اور لازمی اثر ہے۔
بہت عرصے سے میری دلی خواہش تھی کہ کوئی رسالہ شادی اور اس سے متعلقہ رسم و رواج کے اوپر شائع کر کے اس کو تقسیم کیا جائے،چنانچہ ایک دن میں اپنے چند ساتھیوں کے درمیان بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک ہی یہ رسالہ وہاں پر میرے ہاتھ لگا جو کہ شیخ عبدالعزیز بن باز اور شیخ محمد صالح العثیمین رحمہم اللہ کا تألیف کردہ تھا،جب سرسری طور پر اس پر نظر پڑی تو میں نے اسے انتہائی مفید پایا اور اُردو ترجمے کے لئے میں نے یہ رسالہ اپنے عزیز القدر دوست محمد اختر صدیق صاحب کو دیا تاکہ وہ اس کا سلیس اُردو ترجمہ اور مفید اضافات کر دیں اور الحمد للہ اب یہ رسالہ ہم عوام الناس کے سامنے پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
کسی بھی کتاب کو شائع کرنے سے پہلے دل کا اطمینان حاصل کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ اس میں دین اسلام کی خدمت اور اُمت محمدیہ کی فلاح کا تناسب کس قدر ہے گا،یہی میرا پیمانہء اشاعت اور نصب العین ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس رسالے کا فائدہ عام کر دے اور اس عمل کو خالص اپنی رضا کیلئے کر دے اور ہماری خطاؤں کو معاف فرما دے۔
۲۔شوال۱۴۲۳ھ کامران خالد محمد پالوا۔
بمطابق 7۔دسمبر2002 کراچی۔پاکستان۔