کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 76
3. ایک مومن کے اندر جب یہ تقویٰ اور اللہ تعالیٰ کا ڈر پیدا ہوجاتا ہے تو اسے حسب ذیل ثمرات و فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔
تقویٰ کے ثمرات و فوائد
1. ایک مومن کی ایمانی قوت میں اضافہ اور اللہ تعالیٰ کی عظمت و جلالت کا نقش اس کے دل میں مزید گہرا ہوجاتا ہے۔ وہ اس کی اطاعت و فرماں برداری میں راحت اور اطمینان محسوس کرتا اور نافرمانی میں اس کی گرفت سے ڈرتا ہے۔
2. اس کے عقیدۂ آخرت میں تازگی اور پختگی آجاتی ہے۔ وہ روزے میں اپنی لذتیں قربان اور اپنی خواہشیں ترک کرتا ہے تو ایسا وہ اس یقین کی بنیاد پر کرتا ہے کہ اس کے بدلے میں اللہ تعالیٰ اسے آخرت میں اس سے زیادہ لذتوں والی چیزیں عطا فرمائے گا۔ عقیدئہ آخرت اور حسن صلہ کا یہ تصور روزے کی مشکلات اور مشقتوں ہی کو اس کے لیے آسان نہیں کرتا بلکہ دین و شریعت کے ہر معاملے میں اس کے اندر صبر و ثبات کی خوبیاں پیدا کرتا ہے جو اسے دین پر قائم رکھتی ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حکم سے انحراف نہیں کرنے دیتیں ۔
3. جب ایک مومن اللہ تعالیٰ کے حکم سے روزے میں ایک خاص وقت (صبح صادق کے ہوجانے ) پر کھانے پینے اور دیگر خواہشات سے رک جاتا ہے اور ایک دوسرے وقت پر (سورج کے غروب ہوتے ہی ) کھانا پینا شروع کر دیتا ہے اور دوسری جائز خواہشات بھی پوری کرنی چاہتا ہے تو کر لیتا ہے۔ تو شب و روز کے لمحات و اوقات میں اللہ تعالیٰ کی یہ فرماں برداری اس کے اندر اللہ تعالیٰ کی عبودیت و بندگی اور اس