کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 73
روزے کے فوائد و ثمرات
روزہ نماز، زکاۃ اور حج کی طرح ایک عبادت ہے اور عبادات کا مقصد اللہ تعالیٰ کے حکم کو بجالانا، اس سے تعلق و رابطہ استوار کرنا اور اس کی رضا حاصل کرنا ہے۔ ان عبادات سے کچھ دنیوی مفادات بھی حاصل ہوجائیں تو وہ ضمنی فوائد ہیں ، اصل مقصد سے ان کا تعلق نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ عبادت کی ادائیگی ہر صورت میں ضروری ہے چاہے اس کی علت یا حکمت ہماری سمجھ میں آئے یا نہ آئے، اس کا کوئی دنیوی فائدہ ہمیں حاصل ہو یا نہ ہو، حتی کہ ہمیں ظاہری طورپر اس میں اپنے جان و مال کا نقصان ہی کیوں نہ محسوس ہو لیکن احکام الٰہی اور عبادات میں کوتاہی ہمارے لیے جائز نہیں ۔ بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے جان و مال، یعنی سب کچھ قربان کردینا ہی مومن کا مطلوب و مقصود ہے۔
روزہ بھی ایک ایسی عبادت ہے جس سے کچھ طبی فوائد بھی انسان کو حاصل ہوتے ہیں ، جیسے حکما،کی اکثریت اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ بسیار خوری سے اجتناب صحت کے لیے مفید ہے۔ روزے میں انسان بسیار خوری سے بچ جاتا ہے (بشرطیکہ وہ عام رواج کے برعکس ثقیل اور بھاری غذاؤں سے پرہیز کرے ) اور شکم سیری اور پُرخوری سے معدے پر بوجھ زیادہ پڑ جاتا ہے جس سے مختلف بیماریاں پیدا ہو جاتی ہیں ۔ اس