کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 7
حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے ’’رمضان المبارک، فضائل، فوائد و ثمرات، احکام و مسائل اور کرنے والے کام‘‘ کے عنوان سے ایک جامع کتاب لکھی ہے۔ مصنف مذکور کو اللہ تعالیٰ نے دین و شریعت کے علم میں پختہ رسوخ عطا فرمایا ہے۔ ایک مصنف کی حیثیت سے ان کے قلم میں یہ خوبی ہے کہ وہ ہر موضوع کو جہاں کتاب و سنت کے استدلال سے مزین کرتے ہیں ، وہاں اس کی پیش کش میں ایک ایسا اسلوب اختیار کرتے ہیں جس میں سلاست، روانی، شگفتگی، وضاحت اور تحریر و انشاء کے تمام اوصاف موجود ہوتے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ اس کتاب کے مطالعے سے ہم رمضان المبارک کا شایانِ شان استقبال کر سکتے ہیں ۔ اور اس مقدس مہینے کو کیسے گزارا جائے، اس کے تمام پہلوؤں پر شرعی اور مسنون احکامات کو جان سکتے ہیں ۔ اس کتاب میں جہاں روزے کے احکام و مسائل کو واضح کیا گیا ہے وہاں قیام اللیل (تراویح)، لیلۃ القدر، اعتکاف اور صدقۃ الفطر کے حوالے سے بھی کافی اور شافی مواد پیش کیا گیا ہے۔ دارالسلام نے اس کتاب کو طباعتی حسن کے ساتھ پیش کر کے باذوق قارئین کے لیے رمضان کی اس خصوصی سوغات کو پیش کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے عامۃ المسلمین کے لیے مفید اور نافع بنائے۔ آمین یا رب العالمین خادم کتاب و سنت عبد المالک مجاہد مدیر: دارالسلام، لاہور۔ الریاض ستمبر 2009ء۔ رمضان 1430ھ