کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 3
عرض ناشر
تزکیۂ نفس اور تصفیۂ باطن تمام مذاہب و ادیان کا مقصد و مدعا رہا ہے۔ اسلام نے ایک مکمل ضابطۂ حیات ہونے کے باعث اس مقصد کے لیے اذکار و عبادات کا ایک مکمل اور اعلیٰ و ارفع نظام پیش کیا ہے۔ یوں تو تمام اسلامی عبادات خالق و مخلوق کے درمیان ایک مستحکم اور پائیدار رابطہ قائم کرتی ہیں مگر ان میں جو مقام و فضیلت رمضان المبارک کے حوالے سے روزے کو حاصل ہے وہ ایک خصوصی تذکرے کے لائق ہے۔ قرآن مجید میں روزے کو حصول تقویٰ کا ذریعہ بتایا گیا ہے۔ یہ وہ عبادت ہے جو اس مقصد کے لیے سابقہ انبیاء علیہم السلام کے زمانۂ نبوت میں بھی فرض کی گئی تھی۔ انسان میں خلقت و جبلت کے لحاظ سے اور مزاج اور سرشت کے اعتبار سے کچھ باتیں ایسی ہیں جو جانوروں اور بہائم سے مشابہ ہیں ۔ ان جسمانی کدورتوں ، مزاج کی کثافتوں اور بہائم کی جبلتوں کو ایک ملکوتی اور اعلیٰ اخلاقی قوت میں تبدیل کرنے کے لیے دین و شریعت نے عبادات کا ایک مستقل نظام وضع کیا ہے۔ ان اعلیٰ مقاصد اور برتر غایات کی تکمیل کے لیے روزے کی عبادت اپنا ایک مخصوص اثر اور عظیم تاثیر رکھتی ہے۔
ہم دنیا میں دیکھتے ہیں کہ فصلوں اور میووں کے خاص موسم ہوتے ہیں ، جن میں وہ بار آور ہوتے ہیں ۔ ایسے ہی اللہ تعالیٰ نے نزولِ قرآن کے آغاز کے لیے