کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 232
ایک اور رسمِ بد عیدکارڈ (ڈاکٹر محمدزاہدالحق قریشی) اسلام کی درخشاں قدروں کے خلاف فرنگی سا مراج کی سازش برصغیر میں ’’عیدکارڈ‘‘کا آغاز کب، کیسے اور کیوں ہوا؟ برصغیرمیں عید کارڈ کی وبائی بیماری پھیلانے والے بنیادی کردار کا اعترافِ جرم…! شعبان کے ساتھ ہی استقبال رمضان المبارک کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں ۔کچھ لوگ اسے نیکیوں کا موسمِ بہار سمجھ کر آخرت کمانے اور اپنے گناہ معاف کرانے کی تیاریاں کرتے ہیں ،کچھ ادارے قرآن پاک کی اشاعت کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں ، بہت سے لوگ اسے دنیا کمانے کا سیزن سمجھ کر عید پر بیچنے کے لیے چوڑیاں ، کپڑے اور جوتے وغیرہ ذخیرہ (Stock)کرنے کی تگ ودومیں مصروف نظر آتے ہیں ، بعض لوگوں کو یہ فکر ہوتی ہے کہ رمضان المبارک جلدی ختم ہو ، عید آئے اور ہم عید کی تیاریاں زورشور سے کریں ۔ عید کی خوشیوں کے مزے لوٹنے کے لیے خوب سے خوب تر پروگرام بنائیں ، تا جروں کا ایک طبقہ دولت بٹورنے کے لیے عید کارڈ چھا پنے اور فروخت کرنے میں مصروف ہوجاتا ہے، اس طرح رمضان المبارک کے آغاز ہی سے پورے برصغیر میں عید کا رڈ کی وبا پھیل جاتی ہے۔