کتاب: رمضان المبارک فضائل ، فوائد و ثمرات - صفحہ 160
جائے، کوئی ایسی آیت سامنے آئے جس میں رحمت الٰہی کا تذکرہ ہے تو دل میں خوشی کی کیفیت پیدا ہو اور اللہ سے رحمت کی التجا کی جائے، اللہ کی تسبیح اور حمد سے متعلق آیتوں کے موقع پر اللہ کی حمدو تسبیح کی جائے، اللہ کے حقوق اور بندوں کے حقوق کی تعلیم دینے والی آیتوں کے موقع پر سوچنا چاہیے کہ اس باب میں ہم سے کیا کوتاہی ہوئی ہے اور ہو رہی ہے اور پھر اس معصیت اور کوتاہی پر شرم و ندامت محسوس ہو اور توبہ و استغفار کے ساتھ آئندہ اس معصیت اور کوتاہی سے بچنے کا پختہ ارادہ کرنا چاہیے۔ یہ ہے مختصر طور پر قرآن کریم کی تلاوت کے ظاہری و باطنی آداب اور اس کا حقِّ تلاوت۔ لیکن ہماری حالت اس کے بالکل برعکس ہے اور ہمارا دعویٰ تو یہ ہے کہ قرآن حکیم اللہ کی نازل کی ہوئی کتاب ہے یہ اللہ کی تمام پچھلی کتابوں کی تعلیمات کا صحیح اور مستند مجموعہ ہے۔ اس میں وہ تمام باتیں درج ہیں جو اللہ نے دین کی تکمیل کے لیے اتاری ہیں ، یہ دنیا کی رہنمائی کے لیے اللہ کی آخری کتاب ہے جو ایک شوشے اور ایک نقطے کے تغیر اور تبدل کے بغیر محفوظ ہے اور رہتی دنیا تک محفوظ رہے گی۔ جو اس پر عمل کرے گا وہ اللہ کا عبادت گزار اور فرمانبردار بندہ ہو گا اور شرافت و عظمت اور عروج و ترقی کا بلند ترین مقام اسی کے حصے میں آئے گا اور جو اس پر عمل نہیں کرے گا وہ دنیا کی فلاح اور آخرت کی نجات دونوں سے محروم رہے گا۔ ہمارے اس دعویٰ کا کم سے کم تقاضا یہ ہونا چاہیے تھا کہ یہ کتاب ہم کو تمام کتابوں سے زیادہ عزیزو محبوب ہوتی اور ہم دنیا کے تمام علوم و فنون سے زیادہ اس کتاب کے سیکھنے سکھانے اور اس کی تعلیمات سے واقف ہونے کے شائق ہوتے لیکن ہماری روش یہ ہے کہ ہماری نظروں میں دنیا کے سارے علوم و فنون کی قدرو منزلت ہے اور