کتاب: رمضان المبارک احکام و مسائل - صفحہ 10
اس حدیث سے ان تینوں کاموں کی اہمیت و عظمت خواب واضح ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ ہم رمضان میں اتنی زیادہ نیکیاں کریں کہ اللہ تعالیٰ خوش ہو کر جنت عطا کر دے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح ہوا کہ ماں باپ کی اطاعت کرنا اور کثرت سے درود شریف پڑھنا بھی جنت میں داخلے کا موجب ہے۔ اس مہینے میں صدقہ خیرات کرنا بھی بہت اجر و ثواب کا باعث ہے۔ رمضان شریف کی ہر رات میں اللہ تعالیٰ ایک منادی کو تین مرتبہ ندا کرنے کو کہتا ہے کہ تمام لوگوں میں اعلان کر دے کہ ہے کوئی سوال کرنے والا، میں اس کی حاجت کو پورا کروں، ہے کوئی توبہ کرنے والا، میں اس کی توبہ قبول کروں، ہے کوئی استغفار کرنے والا کہ میں اس کے گناہوں کو بخش دوں۔ کوئی ہے جو اللہ کو قرض دے جو نہ مفلس ہے، نہ بخیل اور نہ ظالم ہے۔ اس مہینے میںاللہ تعالیٰ بے انتہا لوگوں کو دوزخ سے آزاد کرتا ہے جو دوزخ کے لائق تھے اور آخری رات میں تو پورے مہینے کی گنتی کے برابر جہنم سے بندوں کو آزاد کرتا ہے۔ (بیہقی) ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: الصلٰوات الخمس والجمعة الی الجمعة ورمضان الی رمضان مکفِّراتٌ لِمَا بَیْنَهُنَّ اِذَا اجْتُنِبَتِ الْکَبَائر (مسلم) پانچ نمازیں۔ ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک اور ایک رمضان سے دوسرے رمضان تک، اگر بڑے گناہوں سے اجتناب کیا جائے تو یہ سب درمیانی عرصہ کے گناہوں کو ختم کر دیتے ہیں‘‘۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رمضان المبارک سے بہتر مہینہ مومن کے لیے اور کوئی نہیں۔ وہ رمضان کے اخراجات پہلے ہی تیار کر لیتا ہے اور زیادہ عبادت کی سعادت حاصل کر لیتا ہے۔ جب کہ منافق پر رمضان بڑا بھاری ہوتا ہے۔ وہ اس میں مومنوں کو بد نام اور ذلیل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔ (ابن ماجہ) یوں تو سارے دن ہفتے، مہینے اور سال اللہ تعالیٰ کے ہیں۔ لیکن رمضان کو یہ شرف حاصل ہے کہ محبوب پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اللہ کا مہینہ