کتاب: رجب کے کونڈوں پر ایک نظر - صفحہ 8
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
مقدمہ
اسلام ایک ایسا دین ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کا بنیادی تصور اس کے ماننے والوں کو دیاگیا ہے۔اوریہ واضح کیاگیا ہے کہ الٰہ صرف اللہ تعالیٰ ہے اور اللہ تعالیٰ واحد اور لاشریک ہے۔جو شخص اسلام میں داخل ہوتا ہے تو وہ دل کی گہرائیوں کے ساتھ یہ اقرار کرتا ہے۔
اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہُ وَ اَشْہَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ
میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی بھی عبادت کے لائق نہیں وہ اکیلا ہے اور لا شریک ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔
عبادت اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی کے لئے جائز نہیں رکھی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ ایک مسلم دوران نماز اس بات کا واضح اقرار کرتا ہے۔
اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ۔(الفاتحہ)
اے اللہ ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور خاص تجھ ہی سے مدد طلب کرتے ہیں۔