کتاب: قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ - صفحہ 5
کتاب: قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ
مصنف: مولانا محمد ابراہیم کمیرپوری
پبلیشر: مکتبۃ السنۃ
ترجمہ:
قربانی جوکہ سنت ابراہیمی اور سنت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم ہے، اور اللہ تعالیٰ کی مختلف اقسام کی عبادات میں سے عبادت کی ایک قسم ہے۔ جسے شروع دور سے مسلمان اپنائے ہوئے ہیں اور اطرافِ عالم میں رہنے والے مسلمانوں میں سے خواہ کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والا مسلمان ہو اس سنت پر عمل کرتا ہے اور کرتا چلا آرہا ہے ، مگر برصغیر میں اب ایسے لوگ پیدا ہوئے جنہوں نے اس خالصتا للہ کی جانے والی عبادت کو کفر و شرک قرار دے دیا اور دقیانوسی باتیں کرتے ہوئے اسے فضول خرچی ، جانوں کا ضیاع قرار دیا۔ زیر نظر کتاب میں مولانا ابراہیم کمیرپوری رحمہ اللہ نے اس حوالے سے پرویز اور دیگر منکرین حدیث کے اس حوالے سے باطل اعتراضات و شبہات کا جامع انداز میں جواب دیا ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عرض ناشر
نحمدہ ونصلي على رسوله الکریم
أمابعد: ’’قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ‘‘ تصنیف لطیف جناب حافظ محمد ابراہیم کمیر پوری رحمہ اللہ تعالیٰ کا مکتبۃ السنۃ کی طرف سے یہ تیسرا ایڈیشن ہے۔ اس تیسرے ایڈیشن کی کمپوزنگ کمپیوٹر پر کرائی گئی ہے۔ کتاب کی افادیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ سال 1413ھ میں کتاب منظر عام پر آتے ہی ختم ہو گئی۔
حافظ صاحب رحمہ اللہ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں۔ آپ علمی، سیاسی، صحافتی، الغرض ہر میدان میں غیرمعمولی شخصیت کے حامل تھے۔ مجھے متعدد بار آپ کے خطابات سننے اور آپ سے ملاقات کا شرف نصیب ہوا ہے ہر خطاب اور ملاقات کا علیحدہ علمی رنگ دیکھنے میں آیا۔
اللہ عزو جل کا احسان ہے کہ مکتبۃ السنۃ نے ایک سال کے عرصہ میں بارہ کتب و رسائل شائع کئے ہیں، اللہ قبول فرمائے۔ آمین۔
وصلی الله علی نبیه محمد و على آله وسلم
محمد افضل
مدیر مکتبة السنة
سولجز بازار نمبر : 1۔ کراچی / 5 ذوالقعدہ 1414ھ