کتاب: قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ - صفحہ 34
حاصل کلام ہم نے پرویز صاحب اور ان کے ’’دلائل‘‘ پر مناسب حد تک تنقید کر دی ہے جس سے ان کے معتقدات کی خاصی اور ان کے استدلال کی کمزوری بلکہ ان کے انداز فکر کی کجی بھی ظاہر ہے اور یہ امر بخوبی روشن ہے کہ وہ اپنا مدعا ثابت نہیں کر سکے۔ بلکہ اپنے مزعومہ دعوے کو ثابت کرنے کے لئے قرآن مجید کے غلط ترجمہ اور غلط تشریحات کے مرتکب ہوئے ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے کتنی باتیں ایسی کہی ہیں، جس کا ثبوت انہوں نے نہیں دیا اور نہ ہی قیامت تک دے سکیں گے۔ ﴿ وَلَوْ كَانَ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ ظَهِيْرًا 88؀ ﴾ اور جب تک وہ ان امور کا اثبات نہ کر سکیں، ان کے لئے زیبا نہیں کہ پوری امت کے مدمقابل بنیں اور ڈیڑھ ہزار سال کے عملی تواتر کو ملوکیت اور پیشوائیت کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ اور پورے اسلامی نظام کو محرف قرار دیں۔ بحث کے دوسرے پہلو: ہم نے بحث کے چند پہلو عمداً نظر انداز کردئیے ہیں اور اس کا سبب خوف طوالت کے علاوہ یہ خیال بھی ہے کہ ان پہلوؤں پر دوسرے اہل قلم روشنی ڈالیں گے۔ ہم نے پرویزی دلائل پر تنقید کو اس لئے ترجیح دی ہے کہ اکثر معاصرین بحث کے اس انداز کو نظر انداز کرجاتے ہیں اور اکثر مقالہ نگار اپنے خیالات کو