کتاب: قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ - صفحہ 15
اسلامی نظام پر بے اعتمادی
ہمارے ملک میں اس گروہ کے سرغنہ مسٹر غلام احمد پرویز ہیں، انہوں نے ادارہ ’’طلوع اسلام‘‘ کے نام سے ہم خیال حضرات کو اپنے گرد جمع کر رکھا ہے، اور انہی مسائل پر مشتمل لٹریچر شائع کرنے میں مصروف ہیں۔ آگے بڑھنے سے پیشتر ہم آپ کو مسٹر پرویز کے خیالات کی ایک جھلک دکھانا ضروری خیال کرتے ہیں۔
پرویز صاحب اپنے ایک مضمون میں قربانی کو غیر اسلامی رسم ثابت کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ : ’’یہاں قدرتی طور پر سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب اس قربانی کے لئے کوئی حکم اور کوئی سند موجود نہیں تو ہزار برس سے یہ کس طرح متواتر چلی آ رہی ہے اور اس کے خلاف کسی نے آواز کیوں نہ اٹھائی۔ یہ سوال بہت اہم ہے اور اس کا جواب اس وقت ملے گا جب کوئی مرد حق گو اسلام کی تاریخ لکھے گا اس لئے کہ یہ سوال ایک قربانی تک ہی محدود نہیں یہ تو پورے اسلامی نظام کو محیط ہے۔ وہ دین جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا تک پہنچایا تھا۔ اس کا کون سا گوشہ اور کون سا شعبہ ہے، جس میں تحریف نہیں ہو چکی؟۔‘‘
(ملاحظہ ہو ’’قرآنی فیصلے‘‘ مجموعہ مضامین پرویز صفحہ نمبر 65-66)
بہرحال ہم آج کی فرصت میں اس گروہ اور اس نہج پر سوچنے والے حضرات کے ان خیالات کا تجزیہ اور ان وساوس کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں کہ جو قربانی کے مسئلہ پر ان حضرات کی طرف سے شائع ہو رہے ہیں۔