کتاب: قربانی کی شرعی حیثیت اور پرویزی دلائل پر تبصرہ - صفحہ 13
علمائے سلف کی مساعی علمائے سلف کی انہی مساعی جمیلہ کا ثمرہ ہے کہ آج بھی تلاوت قرآن اور حدیث کا مطالعہ کرتے ہوئے نہ تو بُعد زمانی محسوس ہوتا ہے اور نہ ہی اس چشمۂ صافی میں کسی تکدر کا احساس ہوتا ہے بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ قرآن مجید اپنی تمام رعنائی اور عین موقع کی مناسبت سے ہمارے سامنے نازل ہو رہا ہے اور احادیث ہم خود رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے سن رہے ہیں اور ہمارے اسلاف کی یہی علمی اور تحقیقی مساعی ہیں کہ آج محققین یورپ ہمیں رشک بھری نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔ اور ہمارے محدثین کرام کی مثالی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔  نادانی کی انتہا لیکن افسوس کہ آج نام نہاد مسلمانوں کا ایک گروہ اس سرمایہ ناز و افتخار کو ظنون و اوہام کا پلندہ خیال کرتا ہے اور حدیث و سنت کے تمام ذخائر کو عجمی سازش قرار دیتے ہوئے اسلام کے حسین چہرہ پر بدنما داغ سے تعبیر کرتا ہے اور ہمارے خیال میں یہ انداز فکر اسلامی کی ثقافت اور اپنے فکری، علمی اور تاریخی سرمایہ کو اپنے ہاتھوں تباہ کرنے کے مترادف ہے۔