کتاب: قرآن مجید میں احکامات و ممنوعات - صفحہ 41
تمہید قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کا کلام اور آسمانی کتاب ہے۔یہ وہ آخری کتاب ہے جو مستند و متواتر طریقے سے ہم تک پہنچی ہے اور اپنی اصل شکل میں آج بھی موجود ہے۔قرآن کے علاوہ دوسری آسمانی کتب میں بہت کچھ تحریف ہوچکی ہے،اس لیے جس کتاب پر پورا بھروسا کیا جاسکتا ہے اور اسے انسان اپنی زندگی میں راہ نما بناسکتا ہے،وہ قرآنِ کریم کے علاوہ کوئی دوسری کتاب ہو ہی نہیں سکتی۔ قرآنِ مجید کی صرف تلاوت کرنا ہی نہیں بلکہ اس کو سمجھنا اور اس کے مطابق اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کی تعمیر کی کوشش کرنا بھی ہمارے لیے ضروری ہے۔اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر و احسان ہے کہ اس نے اپنی حکمت بھری کتاب میں مکمل ضابطہ حیات دکھا دیا ہے۔اس نے ہمیں یہ بھی دکھا دیا ہے کہ ’’صراطِ مستقیم‘‘ کسے کہتے ہیں ؟ ایمان کیا ہے؟ اس کی شرائط کیا ہیں ؟ جنت و دوزخ کی نعمتیں اور عذاب کیا ہیں ؟ اس نے جہاں ہمیں جنت کے حق دار بننے کے لیے احکامات دیے ہیں،وہیں دوزخ سے بچنے کے لیے وہ منکرات بھی بتا دیے ہیں،جن سے پرہیز کر کے ہم دوزخ سے بچیں۔ میں نے کوشش کرکے قرآنِ مجید میں واردہ تمام احکامات و محرّمات کو سورت،پارہ اور آیت کی ترتیب سے مرتب کیا ہے۔میں نے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ تمام احکامات و منکرات کو قلم بند کروں،مگر پھر بھی اگر بھول چوک ہوگئی ہو تو معافی کی