کتاب: قرآن مجید میں احکامات و ممنوعات - صفحہ 31
3۔ تفسیر ’’فوائد سلفیہ‘‘ الموسومہ باشرف الحواشی،استاذی شیخ الحدیث مولانا عبدہٗ الفلاح رحمہ اللہ کا بڑا مفصل حاشیہ ہے،جو حاشیہ ہونے کے باوجود ایک جامع و مانع تفسیر ہے۔
4۔ ہمارے فاضل دوست،ہندی الاصل،سعودی نیشنل جناب ڈاکٹرمحمد لقمان سلفی حفظہ اللہ کا تفسیری حاشیہ ’’تیسیر الرحمن لبیان القرآن‘‘ بھی ایک بہترین تفسیری کوشش ہے۔
5۔ ایک دوسرے فاضل،شعبۂ تالیف و تحقیق دارالسلام (لاہور) کے انچارج،معروف مفسر حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ کا تفسیری حاشیہ ’’احسن البیان‘‘ ہے،جسے پہلے عالمی اشاعتی ادارے دارالسلام الریاض نے شائع کیا اور پھر کنگ فہد قرآن کمپلیکس مدینہ منورہ نے لاکھوں کی تعداد میں چھاپ کر دنیا بھر میں پہنچا دیا اور پہنچایا جا رہا ہے۔زیرِ نظر کتاب میں مذکورہ تفسیری حاشیے سے کثرت سے استفادہ کیا گیا ہے،لیکن جابجا اس کا نام نہیں لکھا گیا۔
فَجَزَی اللّٰہُ مُؤَلِّفَہٗ خَیْراً فِي الدُّنْیَا وَ الآْخِرَۃ۔
4 تفسیری اجزا:
قرآنِ کریم کی تفسیر چونکہ تمام علوم میں سے علی الاطلاق اشرف و افضل اور اعلیٰ ترین علم ہے،یہی وجہ ہے کہ کسی نے پورے قرآنِ کریم کی مکمل و مفصل تفسیر لکھی،کسی نے ترجمہ و حواشی رقم فرمائے،کسی نے صرف ترجمہ کیا اور کسی نے صرف حاشیہ لکھا۔بعض اہلِ علم نے محض تفسیری اجزا تحریر فرمائے۔مثلاً کسی نے متعدد سورتوں کی تفسیر،کسی نے تفسیر سورت یوسف،کسی نے تفسیر سورۃ الحجرات،کسی نے تفسیر سورۃ الضحیٰ،کسی نے تفسیر المعوذتین لکھی اور بعض اہلِ علم نے مختلف سورتوں،قرآنی واقعات