کتاب: قرآن مجید کی تعلیم اور تجوید کا صحیح طریقہ - صفحہ 98
[10]… قرآن مجید کے حفظ اور اس پر عمل دونوں امور میں سلف صالحین کی اقتداء کی جائے۔
[11]… حفظ کے لیے لہو ولعب اور شور سے دور کوئی مناسب جگہ اختیار کی جائے۔ خصوصاً فجر کے ٹائم حفظ کیا جائے کیونکہ اس وقت دماغ فریش اور دیگر لغو بات سے خالی ہوتا ہے۔
[12]… مسلسل مراجعت:
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((تعاہدوا القرآن، فوالذی نفس محمد بیدہ لہو أشد تفلتا من الابل فی عقلہا۔))
’’قرآن مجید کا دھیان رکھو، قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں محمد کی جان ہے۔ یہ قرآن مجید بھاگنے کے اعتبار سے اونٹ سے زیادہ تیز ہے۔‘‘
[13]… حفظ کے لیے ایک ہی رسم والے مصحف کی حفاظت کرنا۔
[14]… متشابہات کا خیال رکھنا۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:
{اللّٰہُ نَزَّلَ اَحْسَنَ الْحَدِیْثِ کِتٰبًا مُتَشَابِہًا} (الزمر: 23)
’’اللہ تعالیٰ نے کتاب متشابہ بہترین بات نازل فرمائی ہے۔‘‘
قرآن مجید میں دو ہزار کے قریب آیات مبارکہ ہیں جو مکمل مطابقت، ایک حرف یا ایک کلمہ یا دو کلمات کے اختلاف کے ساتھ باہم متشابہ (ایک دوسرے ملتی جلتی) ہیں۔
[15]… کسی متقن حافظ کو دوست بنانا اور اسے اپنی منزل سنانا تاکہ غلطیوں کی درستگی ہو جائے۔
٭…٭…٭