کتاب: قرآن مجید کی تعلیم اور تجوید کا صحیح طریقہ - صفحہ 109
مراجعت قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور پابندی ومراجعت کا محتاج ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((تعاہدوا القرآن فوا الذی نفس محمد بیدہ ہوأشد تفلتا من الابل فی عقلہا۔)) ’’قرآن مجید کی پابندی کرو، قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے، قرآن مجید اپنی رسی سے رہائی پانے کے اعتبار سے اونٹ سے زیادہ تیز ہے۔‘‘ بعض سلف اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے منقول ہے کہ وہ اس بات کو نا پسند کرتے تھے کہ کوئی ایک دن بھی ایسا گزرے جس میں انہوں نے مصحف میں نہ دیکھا ہو۔ ٭ مراجعت کے لیے تجویز کردہ اوقات: [1]… ہر فارغ وقت، اس میں قرآن مجید کی تلاوت کی جائے۔ [2]… سحری کے وقت، کیونکہ یہ خضوع وخشوع وسکون کا وقت ہے۔ [3]… نماز فجر سے لے کر طلوع آفتاب تک۔ [4]… نمازوں کے دوران مقرر قرأت میں۔ [5]… اذان اور اقامت کے درمیان۔ [6]… جمعہ کے دن خطبہ سے پہلے۔ [7]… دوستوں کے ساتھ ملاقات کے وقت۔ [8]… رات کو سونے سے پہلے، خواہ آدھے گھنٹے کے لیے ہی ہو۔