کتاب: قرٖآن مجید کا رسم و ضبط - صفحہ 16
جمع صدیقی… اسباب و منہج
اسباب:
اہل علم نے خلیفۂ اوّل سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں جمع قرآن کے متعدد اسباب ذکر کیے ہیں۔ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا انتقال ہو گیا اور منصب خلافت کی ذمہ داری سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے کندھوں پر آن پڑھی تو بعض عرب قبائل مختلف اسباب کی بنیاد پر اسلام سے مرتد ہو گئے اور انہوں نے زکوٰۃ جیسے بعض اسلامی حقوق کا انکار کر دیا اور بعض قبائل مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کے ساتھ جا ملے۔ چنانچہ سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ان مرتدین اور مانعین زکوۃ کے خلاف جہاد کیا اور تھوڑے ہی عرصے میں پورا جزیرۃ العرب اسلام کے سائے تلے آ گیا۔
ان فتنوں کی سرکوبی کے لیے لشکر اسلامی میں قرآن مجید کے حفاظ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت فرمائی اور مسیلمہ کذاب کے خلاف لڑی جانے والی اس لڑائی معرکۂ یمامہ میں متعدد حفاظ کرام مرتبۂ شہادت پر فائز ہوئے۔
جب سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اس معرکہ اور دیگر معارک میں ہونے والی کثیر تعداد میں حفاظ کرام کی شہادتوں کو دیکھا تو سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو جمع قرآن کا مشورہ دیا۔ تاکہ ان حفاظ کرام کی شہادتوں سے قرآن ضائع نہ ہو جائے۔
امام بخاری رحمہ اللہ اپنی سند کے ساتھ سیّدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ (ت ۴۵ھ) سے روایت