کتاب: قرٖآن مجید کا رسم و ضبط - صفحہ 116
اس کی آیات کے شمار میں طریقۃ الکوفین عن ابی عبد الرحمن عبد اللہ بن حبیب السلمی، عن علی بن ابی طالب کی پیروی کی گئی ہے۔ جو امام شاطبی رحمہ اللہ کی کتاب ’’ناظمۃ الزہر‘‘ اور علوم الفواصل پر مطبوع دیگر کتب میں وارد ہے۔ کوفیوں کے طریقہ شمار پر قرآن مجید کی ۶۲۳۶ آیات ہیں۔
اس کے تیس أجزاء، ساٹھ أحزاب اور ان کے أرباع کے أوائل، علامہ سفاقسی کی کتاب ’’غیث النفع‘‘ امام شاطبی کی کتاب ’’ناظمۃ الزہر‘‘، شیخ محمد متولی کی ناظمۃ الزہر کی شرح ’’تحقیق البیان‘‘ اور ابو عبید رضوان المخللاتی کی کتاب ’’ارشاد القراء والکاتبین‘‘ سے ماخوذ ہیں۔
مصحف کے آخر میں ملحق جدول میں مذکور مکی و مدنی کا بیان امام أبو القاسم عمر بن محمد بن عبد الکافی رحمہ اللہ کی کتاب اور کتب قراء ات و تفسیر سے مستنبط ہے۔
اس کی علامات وقوف اور وقوف کے مقامات کی تحدید کمیٹی کی متعدد مجالس میں طے کی گئیں، جو مفسرین، علماء وقف و ابتداء، کے اقوال اور معانی کے تقاضوں کی روشنی میں طے پائیں۔
اس کے سجدات اور ان سجدات کے مقامات کا بیان کتب حدیث و فقہ سے اخذ کیا گیا ہے۔ سجدہ کے مقامات میں سے پانچ میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ پہلا مقام سورۂ حج کا دوسرا سجدہ ہے۔ دوسرا مقام سورۃ ص میں، تیسرا مقام سورۃ النجم میں، چوتھا مقام سورۃ الانشقاق میں اور پانچوں مقام سورۃ العلق میں ہے۔ ان کے اختلاف کا تذکرہ قرآن مجید کے حاشیے پر نہیں کیا گیا۔
امام حفص کے نزدیک مقامات سکتہ کا بیان شاطبیہ اور اس کی شروح سے ماخوذ ہے، لیکن اس کی کیفیت مشائخ سے مشافہۃً معلوم ہوتی ہے۔