کتاب: قراءات قرآنیہ، تعارف وتاریخ - صفحہ 5
کتاب: قراءات قرآنیہ، تعارف وتاریخ مصنف: ڈاکٹر عبدالہادی فضلی پبلیشر: کلیۃ القرآن الکریم والتربیۃ الاسلامیہ ترجمہ: قاری محمد مصطفیٰ راسخ عرض مترجم علم قراءات وہ عظیم الشان علم ہے، جس کے متعدد پہلوؤں پر اہل علم نے بحث کی ہے اور اس باب میں بڑی شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ لیکن تاریخ قراءات کا ایک پہلو ایسا بھی تھا، جو ابھی تک تشنہ چلا آرہا تھا۔ اس پر اردو میں کوئی قابل ذکر بحث موجود نہیں تھی، اور اس پر کام کرنے کی أشد ضرورت تھی۔ بڑی خواہش تھی کہ اس تشنہ پہلو پر بھی چند معروضات سپرد قلم و قرطاس کی جائیں، چنانچہ اللہ کی توفیق سے راقم نے دارالمعارف، الجامع المبارک، متصل اسلامیہ کالج ریلوے روڈ لاہور کے زیر سرپرستی چار سو [۴۰۰] صفحات پر مشتمل ایک مقالہ بعنوان اُردو ’’قراءات قرآنیہ، تاریخ و تعریف‘‘ تحریر کیا ہے۔[1] امید ہے کہ علم قراءات کے طلباء کے لیے، وہ تاریخ قراءات کے باب میں ایک مفید اضافہ ثابت ہوگا۔ اِنْ شَائَ اللّٰہُ۔ اسی دوران ڈاکٹر عبدالہادی فضلی حفظہ اللہ کی کتاب ’’القراءات القرآنیۃ، تاریخ و تعریف‘‘ سامنے آئی، جو اپنے موضوع پر بڑی شاندار، مفید اور ایک منفرد تصنیف ہے۔ مؤلف نے اس میں اپنے موضوع کو بیان کرنے کا حق ادا کر دیا ہے۔ اس سے پہلے اس جیسی کوئی کتاب نظروں سے نہیں گزری۔ مؤلف نے اس کتاب میں ایک منفرد اور تحقیقی اسلوب اختیار کرتے ہوئے، قراءات کا آغاز و ارتقاء، قراءات کی تعریف، قراءات کے مصادر، قراءات کے اختلاف اور اس کے أسباب، قراءات میں اختیار، قراءات کے معیارات اور قراءات و تجوید کی مباحث پر روشنی ڈالی ہے۔
[1] یہ مقالہ زیر طباعت ہے.