کتاب: قراءت قرآنیہ مستشرقین اور ملحدین کی نظر میں - صفحہ 151
خاتمہ گولڈ زیہر کے رد میں ہماری گزارشات ختم ہوئیں۔ اس نے اپنی کتاب ’’مذاہب التفسیر الاسلامی‘‘ میں جن بددیانتیوں کا ارتکاب کیا ہے،ہم نے انہیں بے نقاب کر دیا ہے۔ یہ کتاب ایک پیغام ہے ہر اس شخص کے لیے جو حق کا جویا اور راہِ راست کا متلاشی ہے۔اس میں الحمد للہ! گولڈ زیہر کے پس پردہ عزائم،اس کے نظریات کا لچر پن،آراء کی غیر معقولیت اور اس کے افکار کی لغویت کو بڑی وضاحت سے پیش کر دیا گیا ہے۔ اور اللہ کے فضل سے ایسے دلائل و براہین جمع کر دئیے گئے ہیں کہ گولڈ زیہر کی کتاب کے بخیے ایک ایک کر کے ادھڑ گئے ہیں۔اس کی ہفوات پادر ہوا ہو چکیں،اور اس کی سخن سازیاں ایسی بے حقیقت اور باطل ٹھہرا دی گئی ہیں کہ اس کے کئے اب کچھ نہیں ہو سکتا۔ اور فرمان الٰہی:﴿فَأَمَّا الزَّبَدُ فَیَذْہَبُ جُفَائً وَأَمَّا مَا یَنْفَعُ النَّاسَ فَیَمْکُثُ فِی الْأَرْضِ﴾ کہ ’’جو جھاگ ہے وہ اڑ جایا کرتا ہے اور جو چیز لوگوں کے لیے نفع بخش ہے،وہ زمین میں ٹھہر جاتی ہے۔‘‘ کے مصداق یہ ایک ایسی بے بنیاد چیز رہ گئی ہے کہ جس کی دیواریں اب گر چکیں اور اس کے ستون ڈھے چکے ہیں۔ ﴿رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ ہَدَیْتَنَا وَہَبْ لَنَا مِنْ لَدُنْکَ رَحْمَۃً إِنَّکَ أَنْتَ الْوَہَّابُ﴾ (آل عمران:8) ’’اے ہمارے رب،جب تو ہمیں ہدایت دے چکا تو اب ہمارے دلوں کو کجی میں مبتلا نہ کرنا،ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا کر،بلاشبہ تو ہی فیاضِ حقیقی ہے۔‘‘ ﴿یُثَبِّتُ اللّٰہُ الَّذِینَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِی الْحَیَاۃِ الدُّنْیَا وَفِی الْآخِرَۃِ وَیُضِلُّ اللّٰہُ الظَّالِمِینَ وَیَفْعَلُ اللّٰہُ مَا یَشَاء﴾ (إبراہیم:27)