کتاب: قرض کے فضائل ومسائل - صفحہ 82
د: امام مسلم نے حضرت عبادۃ بن ولید بن عبادہ بن الصامت رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا: ’’ میں اور میرے والد انصار کے اس محلہ میں، ان کے ہلاک ہونے سے پہلے، طلب علم کے لیے گئے۔ ہمیں سب سے پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ابوالیسر رضی اللہ عنہ ملے۔ ان کے ساتھ ان کا غلام تھا، جس کے پاس صحیفوں کی ایک گٹھڑی تھی۔ ابوالیسر رضی اللہ عنہ پر ایک دھاری دار اور دوسری مَعَافِرْ[1]کی بنی ہوئی چادر تھی، اسی طرح ان کے غلام پر ایک لکیر دار اور دوسری معافر کی بنی ہوئی چادر تھی۔ میرے والد نے ان سے کہا:’’ اے چچا!بلاشبہ میں آپ کے چہرے پر غضب کے آثار دیکھ رہا ہوں۔ ‘‘ انہوں نے جواب دیا:’’ ہاں، بنو حرام قبیلہ کے فلان بن فلان شخص کے ذمہ میرا کچھ مال تھا، میں اس کے گھر والوں کے پاس آیا،[انہیں]سلام کہا:اور پوچھا:’’[کیا]وہ وہاں ہے؟ انہوں نے کہا:’’ نہیں۔ ‘‘ پھر اس کا ایک کمسن لڑکا میرے پاس آیا، تو میں نے پوچھا:’’ تمہارے ابو کہاں ہیں؟ ‘‘ اس نے جواب دیا:’’ انہوں نے آپ کی آواز سنی، تو میری امی کی ڈولی میں داخل ہوگئے۔ ‘‘
[1] معافر: یمن کی ایک جگہ کا نام ہے، جہاں کی بنی ہوئی چادر [مَعَافِرِیٌ] کے نام سے معروف تھی۔(ملاحظہ ہو: شرح النووي ۱۸؍ ۱۳۴ ؛ ومعجم ما استعجم من أسماء البلاد والمواضع، زیر عنوان ’’ المَعَافِر ‘‘، ۳؍ ۱۲۴۱)۔