کتاب: قرض کے فضائل ومسائل - صفحہ 239
د: مقروض کے سفر کی بنا پر قرض خواہ کی حق تلفی کے اندیشہ کی صورت میں قرض خواہ اس کو سفر سے رکوانے کا حق رکھتا ہے۔ تاخیر کرنے والے مقروض پر مالی اثرات والے قانونی اقدامات میں سے بعض کا تعلق اس کی زندگی تک ہے، اور بعض کے اثرات اس کی زندگی کے بعد ظاہر ہوتے ہیں۔ مقروض کی زندگی میں مالی اثرات والے قانونی تین اقدمات درج ذیل ہیں: ۱: قرض خواہ کا مفلس کے ہاں اپنے موجود مال کا زیادہ مستحق ہونا ب: رہن شدہ چیز کی فروختگی ج: نادہندہ مقروض کی اپنے مال کے حق استعمال سے محرومی مقروض کی وفات کے بعد مالی اثرات والے دو قانونی اقدامات درج ذیل ہیں: ۱: وصیت پر ادائیگی قرض کے بعد عمل ہونا ب: تقسیم وراثت کا ادائیگی قرض کے بعد ہونا ۱۱:ادائیگی قرض کو یقینی بنانے کے لیے بعض تدبیریں: اسلامی شریعت میں قرض کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد تدبیروں میں سے دو درج ذیل ہیں: ۱: ضامن کا تقرر، جو کہ مقروض کی عدم ادائیگی کی صورت میں قرض ادا کرنے کی ذمہ داری قبول کرے۔ ضامن کا تقرر قرض لیتے وقت، قرض لینے کے بعد مقروض کی زندگی میں اور اس کی وفات کے بعد ہو سکتا ہے۔ ب: حوالۂ قرض، کہ قرض کو ایک شخص کی ذمہ داری سے دوسرے شخص کی ذمہ داری میں منتقل کر دیا جائے۔