کتاب: قبر کا بیان - صفحہ 29
دوسرے ملک کا سفر درپیش ہو تو انسان اپنی منزل پر بخیر و عافیت پہنچنے کے لئے بات بات پر کس طرح تجسس کرتا ہے۔ راستے میں آنے والی معمولی سے معمولی پریشانی کے بارے میں بھی ہر آدمی سے مشورہ کرتا ہے جس نے اس ملک کا سفر کیا ہو۔ پاسپورٹ ، ویزا اور ٹکٹ وغیرہ کے لئے صرف اس لئیٔ منہ مانگے دام ادا کردیتا ہے کہ سارے کام قانون کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ راستے میں کوئی تکلیف یا پریشانی نہ اٹھانی پڑے ۔ اپنے سامان سفر کو آدمی پوری احتیاط سے چیک کرتا ہے تاکہ کوئی ممنوعہ چیز ساتھ نہ ہو جو راستے میں چیکنگ کے وقت بے عزتی کا باعث بنے۔ جہاز میں سوار ہونے کے بعد سفر کی احتیاطی تدابیر کا آدمی غور سے مطالعہ کرتا ہے کہیں کوئی غیر متوقع حادثہ پیش نہ آجائے گویا دوران سفر کسی بھی تکلیف اور پریشانی سے بچنے کے لئے ہر وہ تدبیراختیار کرنے میں پوری طرح مستعد ہوتا ہے جو اسے کوئی بتا ئی جائے۔ یہ تو ہے دنیا کا معاملہ، اب دین کا معاملہ لیجئے … کائنات کے سب سے زیادہ سچے ، سب سے زیادہ امانت دار، سب سے زیادہ مخلص اور ہمدرد شخص … حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دنیاوی زندگی کے بعد پیش آنے والے سفر کے تمام خطرات سے ایک ایک کرکے آگاہ فرمادیا اور پھر ان خطرات سے بچنے کی تدابیر بھی بتاد یں لیکن ہم میں سے کتنے ہیں جو ان خطرات سے بچنے کے لئے فکر مند ہیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ؟اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو اس پُر خطر سفر پر خالی ہاتھ روانہ ہوجاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں شیطان کے مکرو فریب سے محفوظ رکھے ہمیں دین کے معاملے میں حق بات سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
قبر میں نماز کی شان:
نماز اسلام کا دوسرا رکن ہے اور اس کی فضیلت کے بارے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت سی احادیث مروی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے ’’دن میں پانچ مرتبہ غسل کرنے والا آدمی جس طرح میل کچیل سے صاف ہوجاتاہے اسی طرح پانچ مرتبہ نماز پڑھنے والا آدمی گناہوں سے پاک صاف ہوجاتا ہے۔ ‘‘ (بخاری و مسلم)دوسری حدیث میں ہے ’’ پانچ نمازیں پڑھنے والوں سے اللہ تعالیٰ نے جنت کا وعدہ فرمایا ہے ۔‘‘ (احمد ، ابوداؤد) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا ہے ۔ (احمد، نسائی) قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے کامیاب لوگوں کی نشانی یہ بتلائی ہے کہ ’’وہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرنے