کتاب: پرسکون گھر - صفحہ 247
اس لیے وہ صرف علماء و دعاۃ میں سے نہیں بلکہ نفسیاتی ماہرین اور سے بھی بہت کچھ سننا اور جاننا چاہتے ہیں اور کاش آنے والے دنوں میں یہ سب کچھ دیکھنے کو ملتا۔ گھریلو امور کے متعلق اس قدر باتیں ہیں کہ انہیں لکھا جائے تو شاید صفحات ناکافی ہوں گے، کیونکہ ان گھروں میں ہمارے علاوہ ہمارے جگر کے ٹکڑے اور دل کی دھڑکنیں بھی ہمارے بچوں کی شکل میں موجود ہیں اور خاص طور سے ہم بچیوں کے معاملات میں کچھ زیادہ ہی کوتاہ ہیں جبکہ وہ ہمارا خون، ہمارے جگر گوشے اور ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں ، اس لیے ان کے متعلق زیادہ سے زیادہ باتیں ہونی چاہئیں ۔ خاص طور سے ایسے علماء و مشائخ جو نئی نسل اور نوجوان طبقے کے متعلق وعظ ونصیحت کریں اسی طرح ہم والدین سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ حسن سلوک کریں ۔ جو کچھ ہم نے لکھا، پڑھا یا سنا اگر اس میں کوئی کمی یا کوتاہی رہ گئی ہو تو وہ میری کوتاہی اور شیطانی وسوسہ ہے جس کی اللہ سے مغفرت چاہتا ہوں اور جو کچھ صحیح ہے وہ سب اللہ کی طرف سے ہے۔ تمام تعریف اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے لیے جو تمام عیوب و نقائص سے پاک ہے اور درودوسلام ہو ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام انبیاء و رسل پر۔ ٭٭٭