کتاب: پرسکون گھر - صفحہ 11
مقدمہ
تمام تعریف اللہ رب العالمین کے لیے ہے جس نے ہم سب کو پیدا کیا اور درود و سلامتی ہو ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر۔
یہ وہ چند کوششیں ہیں جن میں میں نے مختلف عجیب وغریب اور دلچسپ معاشرتی اور اجتماعی واقعات کو جمع کیا ہے، جسے میں نے خود دیکھا اور سنا ہے اور ضرورت پڑنے پر معاملے کو حل بھی کیا ہے۔
اس کتاب میں میں اپنے ان تجربات کو قرآن پاک ریڈیو اسٹیشن پر چلنے والے پروگرام کے ساتھ بیان کرتا ہوں ، جس کا نام (پرسکون گھر) ہے، جس میں بہت سارے حوادث، واقعات اور آنکھوں دیکھے حال کا ذکر کیا ہے۔ اس پروگرام میں موصول ہونے والے ہزاروں فیکس اور ای میل کے علاوہ صرف خطوط کی تعداد ۹۰ ہزار سے بھی زیادہ ہے۔
میں وضاحت کر دینا چاہتا ہوں کہ یہ سچ ہے کہ معاشرہ اگرچہ مسائل اور پریشانیوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اس کے برعکس اچھائیوں اور نیکیوں سے بھی خالی نہیں ہے۔ میری کوشش ہے کہ اس کتاب میں ان واقعات کو آپ کے سامنے پیش کر سکوں جن کے اچھے پہلوؤں سے ہم استفادہ کر سکیں ، ہمارے گھروں میں شوہر، بیوی، بچے، والدین، یہاں تک کہ دادا اور دادی بھی ہوتے ہیں اور ان سب کے ساتھ رہتے ہوئے صبح سے لے کر شام تک بہت سارے اجتماعی ومعاشرتی مسائل کا ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے اور شاید اسی کا نام ’’زندگی‘‘ ہے۔
جس وقت ہم پر سکون گھر کے متعلق بات کرتے ہیں تو ہماری خواہش ہوتی ہے کہ ہماری باتیں علمی انداز کی ہوں ، اسی لیے میں ان چند واقعات کو قلمبند کر رہا ہوں جنہیں میں نے چار سو سے زائد واقعات میں سے منتخب کیا ہے اور ہر واقعہ ایک دوسرے سے زیادہ مؤثر ہے۔